دہرادون:۔اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں عمارتوں اور اراضی پر شگاف کا دائرہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ اس سے غیر محفوظ عمارتوں کی تعداد میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے گیسٹ ہاؤس میں بھی شگاف بڑھتا جا رہا ہے اور عمارت ایک طرف جھکنے لگا ہے، جس کے بعد اسے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے توڑنے کا حکم بھی صادر کر دیا گیا۔ جوشی مٹھ کے جے پی کالونی کی 15 عمارتوں کے ساتھ ساتھ اس عمارت کو بھی منہدم کیا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز انتظامیہ کی طرف سے گیسٹ ہاؤ س کو توڑے جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ جوشی مٹھ کے اس حادثے کے شکار کئی گھر اور ہوٹل ہوئے ہیں۔ شگاف پڑنے کے بعد انھیں توڑنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ پی ڈبلیو ڈی کے گیسٹ ہاؤس اور جی ایم وی این کے گیسٹ ہاؤس بھی اس آفت کی زد میں آئے ہیں۔ انھیں بھی توڑا جا رہا ہے۔ منگل کو ان دونوں عمارتوں کو توڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔ سی بی آر آئی کے سائنسدانوں کی دیکھ ریکھ میں ہو رہی ڈسمنٹلنگ میں پہلے دن یہاں کھڑکی دروازے اور ان کی چوکھٹ ہٹائی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں عمارت میں شگاف کے ساتھ جھکاؤ بڑھتا جا رہا تھا۔دوسری طرف جوشی مٹھ کے دو ہوٹلوں ’ملاری اِن‘ اور ’ماؤنٹ ویو‘ کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے۔ بدھ کے روز ہوٹلوں کی اوپری منزل میں چھت اور کالم کو توڑنے کا کام ہوا تھا، اب نیچے کی منزلوں میں کھڑکی دروازے وغیرہ ہٹائے جا رہے ہیں۔
