چارج شیٹ عام نہیں کی جاسکتی: سپریم کورٹ

نیشنل نیوز
دہلی:۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ چارج شیٹ کو عام نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی بنچ نے صحافی سورو داس کی ایک مفادعامہ کی عرضی خارج کرتے ہوئےکہا کہ ایف آئی آر کی طرح چارج شیٹ عوامی دستاویز نہیں ہے۔اسے ایف آئی آر کی طرح ویب سائٹ پر ڈالنا نامناسب ہوگا۔ بنچ نے کہا کہ چارج شیٹ کو عام کرنے سے ملزم، متاثرہ اور تفتیشی ایجنسی کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں آر ٹی آئی کارکن اور تحقیقاتی صحافی داس کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی کو خارج کر دیا۔سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل پرشانت بھوشن نے دیگر باتوں کے ساتھ دلیل دی کہ چارج شیٹ "عوامی دستاویزات” ہیں جن تک کوئی بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اس بحث کو مسترد کرتے ہوئے بنچ نے کہا، "ضروری دستاویزات کے ساتھ چارج شیٹ کی کاپی کو ایویڈنس ایکٹ کے سیکشن 74 کے مطابق عوامی دستاویزات کی تعریف کے تحت عوامی دستاویز نہیں کہا جا سکتا۔