ملک بھرمیں یوم جمہوریہ کاشانداراہتمام، دہلی میں منعقدہ تقریب میں ہندوستانی فوج کے 50 لڑاکا طیاروں کا شاندار مظاہرہ؛ بائیکر ٹیم کا حیران کردینے والا اسٹنٹ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ہندوستان آج اپنا 74 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے جس کے موقع پر نئی دہلی کےکرتویا پتھ (پرانا نام راج پتھ) پر شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ملک کی عسکری، ثقافتی، جمہوری اور سیاسی طاقت کا ایک ٹیبلو سامنے آیا۔ جس  کے دوران  ایک طرف ہندوستانی فوج کے 50 لڑاکا طیارے آسمان پر گرجتے نظر آئے تو وہیں ڈیر ڈیویل بائیکر ٹیم کا حیران کردینے والا اسٹنٹ بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بار یہ موقع اس لئے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ملک آزادی کے ’’امرت مہوتسو‘‘ کے دوران یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ ٹویٹ کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہم ملک کے عظیم مجاہدین آزادی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ پریڈ صبح 10 بجے دہلی کے کرتویا پتھ  پر شروع ہوئی  جس میں ہندوستان کی فوجی صلاحیت اور ثقافتی تنوع کا ایک انوکھا امتزاج  دیکھا گیا۔  17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے اور چھ مختلف وزارتوں اور محکموں سے تقریباً 23 ٹیبلوکس پیش کئے گئے ۔ جس میں  ہندوستان کی بھرپور روایت، ثقافتی ورثے، اور ملک کی ترقی اور کامیابیوں کے تماشے شامل تھے۔ ہندوستانی مسلح افواج ہارس شو، مختلف ڈانس پرفارمنس، موٹر سائیکل ڈسپلے، ایئر واریر ڈرل، نیوی بینڈ اور مارشل آرٹس کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں پہلی بار خواتین سوار بھی شریک رہیں۔ 503 رقاص، ’ناری شکتی‘ کے تھیم کو پیش کرتے ہوئے پریڈ کے دوران پرجوش ثقافتی شو پیش کیا۔