رامپور:۔ عبداللہ اعظم سے ووٹ دینے کا حق بھی ختم کر دیا گیا ہے جو 15 سال پرانے مقدمے میں سزا پانے کے بعد اپنی اسمبلی کی رکنیت سے محروم ہو گئے۔ بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینہ نے ریٹرننگ افسر کو خط لکھا کہ ووٹر لسٹ سے عبداللہ اعظم کا نام نکال دیا جائے۔ جس کے بعد جمعہ کو الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر نے ووٹر لسٹ سے عبداللہ اعظم کا نام کاٹنے کا حکم جاری کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ اعظم خان کا نام پہلے ہی ووٹر لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔دراصل 2008 کے چھجلیٹ کیس میں مرادآباد کی ایم پی- ایم ایل اے عدالت نے اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو دو دو سال کی سزا سنائی تھی جس کے بعد عبداللہ اعظم جو کہ سوار سیٹ سے ایم ایل اے تھے، کی اسمبلی رکنیت رد کر دی گئی تھی۔ بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینہ نے جمعہ کو آر پی ایکٹ کی دفعہ 16 کا حوالہ دیتے ہوئے عبداللہ اعظم کے ووٹ کے حق کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ نفرت انگیز تقریر کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اعظم خان سے ووٹ کا حق بھی چھین لیا گیا تھا۔ اب ان کے بیٹے بھی ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ دراصل آر پی ایکٹ کے تحت، کسی بھی سزا یافتہ شخص کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کرنے کا اصول ہے۔ اس کے تحت عبداللہ اعظم کا نام ووٹر لسٹ سے نکال دیا گیا۔
