شیموگہ:۔کانگریس پارٹی میں پہلے سے ہی ہوں اور کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا سوال ہی نہیںا ٹھتا۔اس بات کااظہار سابق ریاستی وزیر ایچ وشواناتھ نے کیاہے۔انہوں نے شیموگہ پریس ٹرسٹ کی جانب سےمنعقدہ پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کبھی بھی بی جے پی کا رُخ نہیں کیا ہے اور نہ ہی بی جے پی نے مجھے ایم ایل سی بنایاہے،بلکہ میں ادیب ہوں تو ادباء کے حلقے سے مجھے ایم ایل سی بنایاگیاہے۔آنےوالے دنوں میں سدرامیا کی تشہیر کیلئے بھی میں جائونگا۔مزید انہوں نے کہاکہ موجودہ سیاست صرف رئیل ایسٹیٹ والوں کیلئے ہے، پارٹی کو عرضی دینےوالے لوگ اُمیدوارسے بڑھ کر گاہک کی شکل میں دیکھے جاتے ہیں،کونسا گاہک کتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ لگاتاہے یہ دیکھاجاتاہے اور اُسے ہی ٹکٹ دی جاتی ہے۔مزید انہوں نے کہاکہ بی جے پی میں مٹھوں کے سوامیوں کو ٹکٹ دینے کی تیاری ہورہی ہے،یہ افسوسناک بات ہے۔ جس وقت میں نے اسمبلی کی رکنیت کو استعفیٰ دیاتھا اُس دوران پیسے لیا ہوتا تو میں بی جے پی یا یڈی یورپاکی تنقید نہیں کرسکتاتھا۔لوگ اپنے طورپر کچھ بھی کہہ دیتے ہیں لیکن میں پیسوں کے پیچھے بھاگنے والے لیڈروں میں سے نہیں ہوں۔
