بنگلورو: کرناٹک کے لوک آیوکت عہدیداروں نے آج بی جے پی ایم ایل اے مادل ویروپکشپا کے بیٹے کو 40 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔لوک آیوکت کے ذرائع نے بتایا کہ بنگلور واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے چیف اکاؤنٹس آفیسر پرشانت کمار کو ریاستی ملکیت والی کرناٹک سوپس اینڈ ڈٹرجنٹس لمیٹڈ (کے ایس ڈی ایل) کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ یہ کمپنی مشہور میسورسیانڈل صابن بناتی ہے۔پرشانت کمار کے والد مادل ویروپکشپا، داونگیرے ضلع کے حلقہ چنگیری کے ایم ایل اے اور کے ایس ڈی ایل کے چیئرمین ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کے ایس ڈی ایل کے دفتر سے نقد رقم کے کم از کم تین تھیلے ملے ہیں۔پرشانت کمار 2008 بیچ کے کرناٹک ایڈمنسٹریٹو سروسز آفیسر ہیں۔ وہ صابن اور دیگر ڈٹرجنٹس کی تیاری کے لئے درکار خام مال کی خریدی کے سلسلہ میں ایک ٹھیکیدار سے رشوت لیتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔پرشانت کمار نے مبینہ طور پر ٹھیکیدار سے 81 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔جب لوک آیکت نے کے ایس ڈی ایل کے دفتر اور پرشانت کے گھر پر چھاپہ مارا تو 8 کروڑ نقد برآمد ہوئے۔ ٹھیکیدار نے ایک ہفتہ قبل لوک آیوکت سے رجوع کیا جس کے بعد ایک جال بچھا کر پرشانت کمار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔یہ رقم خام مال کی خریدی کیلئے کے ایس ڈی ایل کے چیئر مین ویرو پکشپا کے لئے حاصل کی گئی تھی۔ایک سینئرلوک آیوکت افسر نے بتایا کہ جال آج شام 6.45 بجے بچھایا گیا۔ کے ایس ڈی ایل کے چیئرمین اور ملزم جنہوں نے رقم وصول کی، باپ اور بیٹا ہیں۔خیال رہے کہ کرناٹک صابن اور ڈٹرجنٹ لمیٹڈ (کے ایس ڈی ایل) کو خام مال فراہم کرنے کے لئے ٹینڈر دینے کے حوالے سے ایک شکایت درج کی گئی تھی۔ پرشانت کے والد کے ایس ڈی ایل کے چیئرمین ہیں۔ عہدیداران ممکنہ طور پر بی جے پی ایم ایل اے ویروپکشپا سے پوچھ گچھ کریں گے کیونکہ خام مال کی خریداری کے ٹینڈر کے لئے کے ایس ڈی ایل چیئرمین سے رشوت کی رقم وصول کی گئی تھی۔
