شیموگہ:۔حالیہ دنوں میں کانگریس پارٹی میں مسلمانوں کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کے تعلق سے مسلم سماج کی جانب سے آوازاُٹھی ہے،جس کے بعد یہ سمجھا جارہا ہے کہ اس دفعہ جے ڈی ایس کے ذریعے اسمبلی انتخابات کیلئے مسلم امیدوارکومیدان میں اتارا جائیگا ۔ پچھلے دنوں شیموگہ میں مسلمانوں کا ایک گروہ اس تعلق سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں ہورہی ناانصافیوں پر جلد فیصلہ لینے کیلئے کوشاں دکھائی دے رہاہے۔شیموگہ اسمبلی حلقے اور شیموگہ دیہی اسمبلی حلقے میں مسلمانوں کے کثیر ووٹ ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی کسی بھی طرح سے مسلمانوں کو اہمیت نہیں دے رہی ہے،یہاں تک کہ خودپارٹی کے لیڈروں کونظراندازکیا جارہا ہے ، اگر کانگریس پارٹی سے مسلم دعویدارکو ٹکٹ نہیں دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں جے ڈی ایس کے ذریعے امیدوارکو کھڑاکرنے اور جے ڈی ایس کی تائیدکرنے کافیصلہ لینے کی بات سامنے آئی ہے ۔ آنےوالے اسمبلی انتخابات میں شیموگہ اسمبلی حلقے سےسابق کائونسلر اور شیموگہ ضلع کانگریس کے نائب صدر مختاراحمدکو جے ڈی ایس سے اُمیدوار بنایا جاسکتا ہے ۔شیموگہ میں تقریباً65 ہزار ووٹ مسلمانوں کے ہیں،ان ووٹوں کو بغیر کسی شرط یا سہولت دینے کے تعلق سے اب تک کانگریس پارٹی بات نہیں کررہی ہے،پارٹی میں موجود مسلم کانگریسی لیڈروں کو بُری طرح سے نظراندازکیاجارہاہے،چند لوگوں کو سامنے رکھ کر انہیں عہدوں سے نوازکر انہیں مسلم لیڈر کا خطاب دیاجارہاہے ،جبکہ مسلمانوں کے حق پر بات کرنے والے اور سماجی انصاف کیلئے آواز اٹھانے کیلئے مسلم کانگریسیوں کو دور کیا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی میں جس طرح سے مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا رویہ اختیارکیاجارہا ہے،اس بنیاد پر پارٹی سے مسلمانوں کی بغاوت کے آثار صاف نظر آرہےہیں۔وہیں دوسری جانب ضلع کانگریس کے نائب صدر مختاراحمدنے پہلے ہی پارٹی میں ہورہی ناانصافیوں پر اپنی برہمی کااظہارکیا تھا ، جس میں انہوں نے کہاتھاکہ آٹھ دس ہزار آبادی والی قوموں کو کانگریس پارٹی اہمیت دے رہی ہے،جبکہ65 ہزار ووٹر رکھنےوالی مسلم قوم کو کسی بھی طرح کا انصاف دینے سے گریز کررہی ہے ، جو مدھو بنگارپا کانگریس پارٹی کے مختلف عہدوں پرفائز ہیں ، ان کے اور ان کےاہل خانہ کی وجہ سے کانگریس پارٹی کو ضلع میں نقصان اٹھانا پڑا تھا،آج وہی کانگریس پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائزہیں۔جبکہ منجوناتھ گوڈاجیسے کل پرسوں آنےوالے لیڈروں کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے،اس سے صاف واضح ہورہاہے کہ پارٹی میں مسلمان صرف کولی بنے ہوئے ہیں۔
