دہلی :۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو کہا کہ اگلے پانچ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس تک اضافے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ "اگلے 5 دنوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس کا بتدریج اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ اگلے دو دنوں کے دوران مدھیہ پردیش، اوڈیشہ، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں بارش اور تیز ہوائیں چلیں گی ۔ اپنی ایڈوائزری میں محکمہ نے کہا کہ "اگلے دو دنوں کے دوران مدھیہ پردیش، اوڈیشہ، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی نے یکم اپریل کو ہی کہا تھا کہ شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں اور جزیرہ نما خطہ کو چھوڑ کر ملک کے بیشتر حصوں میں اپریل سے جون تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے کہا کہ اس مدت کے دوران وسطی، مشرقی اور شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ گرمی کی توقع ہے۔آئی ایم ڈی نے کہا تھا کہ "2023 میں موسم گرما (اپریل سے جون) کے دوران جنوبی جزیرہ نما ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔”
