بنگلورو:۔کرناٹکا اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کل یعنی 13 مئی کو ہوگی،جس کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام طرح کی تیاریاںمکمل کرلی ہیں۔ڈی جی پی پروین سود اور اے ڈی جی پی الوک کمارنے اس سلسلے میں بتایاہے کہ ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام کائونٹنگ سینٹرس پر مقامی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوارحالات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی دستے تیارہیں،وہیں دوسری جانب سے الیکشن کمیشن نے بتایاہے کہ کائونٹنگ سینٹرس پر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اورپوری کائونٹنگ کی ریکارڈنگ بھی کی جائیگی ۔ وہیں دوسری جانب نتائج کو لیکر پچھلے48 گھنٹوں سے تمام امیدواراپنے ووٹوں کی گنتی کا حساب وکتاب کررہے ہیں اورجیت کی اُمید جتا رہے ہیں۔ایک طرف امیدواروں کا حساب کتاب چل رہاہے تو دوسری جانب کائونٹنگ کو لیکر سٹہ بازی بھی ہوئی ہے،جس کا تخمینہ اربوں روپیوں میں لگایاجارہا ہے ۔ ووٹو ں کی گنتی کا سلسلہ13 مئی کی صبح8 بجے سے شروع ہوگا،پہلے مرحلے میں بیالٹ پیپرس کی ووٹنگ کی کائونٹنگ ہوگی،اس کے بعد حلقہ وار کائونٹنگ شروع کی جائیگی ،ریاست میں کائونٹنگ کا سلسلہ دوپہر3 بجے تک مکمل ہونے کے امکانات ہیں اور شام4 بجے تک مکمل نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔ اس دفعہ ریاست میں معلق حکومت کی پیشن گوئیاں کی گئی ہیں،اس لحاظ سے کانگریس،جے ڈی ایس اور بی جے پی کے کارکنان بھی تذبذب کا شکار ہیں ۔ خصوصاً جن حلقوں میں سہ رخی مقابلہ ہوا ہے وہاں پر ووٹروں کی بے چینی بڑھتی ہی جارہی ہے اورہر ایک پارٹی کا کارکن اپنی پارٹی کو ہی کامیاب قرار دے رہاہے۔
