نینی تال:۔ ہائی کورٹ نے اتراکھنڈ میں سرکاری زمین سے غیر قانونی مذہبی تعمیرات کے انہدام کے خلاف دائر پی آئی ایل کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اس کیس کی سماعت چیف جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس راکیش تھپلیال کی ڈویژن بنچ کے سامنے ہوئی۔ چیف جسٹس نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی مذہبی تعمیرات گرائی جائیں۔ اس میں دھرم سے گریز نہیں ہونا چاہیے۔عدالت نے کہا کہ اس طرح کی درخواست دائر کرکے درخواست گزار علاقے میں مقبولیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ بنچ نے درخواست گزار کے وکیل پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کو بھی کہا۔ اس کے بعد بنچ نے معاملہ محفوظ کر لیا۔کیس کے مطابق حمزہ راؤ اور دیگر نے ہائی کورٹ میں ایک پی آئی ایل دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت ایک مخصوص مذہب کی تعمیرات کو غیر قانونی نام دے کر گرا رہی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ ایک مخصوص مذہب کے خلاف کی جا رہی یہ کاروائی فوری بند کی جائے اور مزارات کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔جوالاپور میں کنکھل کے چندن پیر بابا کے مزار کے لیے درخواست گزار کے وکیل بلال احمد کی طرف سے دائر درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ حکومت اس وقت 400 دیگر غیر قانونی مقبروں کو ہٹانے کی تیاری کر رہی ہے۔ سی ایس سی چندر شیکھر سنگھ راوت، جو ریاستی حکومت کی طرف سے پیش ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ایسی ہی ایک عرضی خارج کی جا چکی ہے، جس کا اس عرضی میں کہیں بھی ذکر نہیں ہے۔حکومتی وکیل نے کہا کہ تمام تصاویر صرف ایک جگہ کی ہیں۔ عدالت نے درخواست گزارکو لینڈ مافیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے اسے مذہبی مقام بنا لیتے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے سے حکومت اپنی زمین میں بنائے گئے غیر قانونی مذہبی مقامات کو جے سی بی چلا کر مسمار کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں، ہریدوار، روڑکی، تہری کے مولدھر، رام نگر، دہرادون، کھتیما، ہلدوانی، نینی تال میں تقریباً 300 تجاوزات کو پہلے ہی ہٹایا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود حکومت اب بھی 400 دیگر غیر قانونی مزارات کو ہٹانے کی تیاری کر رہی ہے۔
