شیموگہ؛۔پٹرول وڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے شیموگہ ضلع کانگریس،شیموگہ یوتھ کانگریس اور شیموگہ ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کی جانب سے شہرکے پانچ سے زائد پٹرول بنکوں کے سامنے کانگریسیوں نے احتجاج کیا۔احتجاجی کانگریسیوں نے کہیں کرکٹ کھیل کر100روپئے کے ناٹ آئوٹ کے نعرے لگائے تو کہیں موٹر بائک کو دھکے دیکر اچھے دن آئے ہیں کہ نعرے لگائے۔نریندر مودی حکومت نے کورونا کی سختی کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بڑے پیمانے پراضا فہ کرکے عوام کو کھلے عام لوٹ رہی ہے اور عوام کی کمر توڑ رہی ہے۔ اچھے دن لانے کا خواب دلاکر اقتدار میں آئی بی جے پی حکومت دن بہ دن روز مرہ کی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں کو اضافہ کرتی چلی جارہی ہے۔ لاک ڈائون کی وجہ سے پہلے ہی عوام بے روزگاری کی مار برداشت کررہی ، اس کے اوپر زخموں پر نمک چھڑکنے کا ہنر مرکزی اورریاستی حکومتوں کو بخوبی آتا ہے کہتے ہوئے شدید غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔ مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اقتدار سے پہلےیہ بھی وعدہ کیا تھاکہ اگر وہ اقتدار پر آئے گی تو ایندھن کے داموں میں کمی لائےگی ، لیکن بی جےپی کا یہ وعدہ بھی بی جے پی کی طرح ہی جھوٹا، فریبی اور بے بنیاد ثابت ہواہے۔ پٹرول کی قیمت کم ہونے کی بجائے سنچری پارکرچکی ہے۔ پارٹی اراکین نے کہا کہ یوپی اے حکومت میں خام تیل کی قیمت موجودہ قیمت سے کئی زیا دہ بڑھ کر تھی اسکے باوجود فی لیٹر پٹرول 60 روپئے کے قریب رہا ہے۔لیکن این ڈی اے حکومت جب سے آئی ہے مسلسل خام تیل میں گراوٹ آئی ہےلیکن اسکے بعد بھی پٹرول اورڈیزل کی قیمت 100 پر پہنچ چکی ہے۔ اس وقت حالات ایسے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے۔ایسے میںتیل کی قیمتوں میں اضافے نے لوگوں کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا ہے۔ تیل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگی ہیں۔جامع طور پر کہا جائے تو حکومت کےجھوٹے وعدوں نے غریبوں کی زندگیوں کو برباد کرکے رکھ دیاہے ۔اس موقع پرضلع کانگریس صدر ایچ ایس سندریش،ودھان پریشدکے رکن آرپرسنناکمار،سابق ایم ایل سے کے بی پرسنناکمار،سابق کارپوریٹرمظہر جاوید،محمد حسین،ضلع کانگریس کے نائب صدر سیدوحیداڈو،ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ صدر محمدعارف اللہ،محمد نہال(نیلو)،نیتاجی اقبال،رحمت اللہ،محمد ارشادکے علاوہ اور بھی کانگریسی لیڈران موجودتھے۔
