شیموگہ:۔شیموگہ ضلع میں واقع لنگن مکّی ڈیم میں اب صرف اتنا ہی پانی کا ذخیرہ موجود ہے کہ اس کے ذریعے صرف 20سے 25دن تک کیلئے ہی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اگر اگلے پندرہ دنوں میں بارش نہیں ہوئی تو بجلی کی پیداوار بند ہوسکتی ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شراوتی کی وادی میں موجود لنگن مکی، مہاتماگاندھی ، شراوتی اور گیرسوپا بجلی پلانٹ کیلئے ریاست کے سب سے بڑے (151ٹی ایم سی فٹ حجم ) ڈیم لنگن مکی سے ہی پانی سپلائی کیا جاتاہے۔ 5جون یعنی پیر کو ڈیم میں پانی کی سطح 1746.9فٹ کو پہنچی ہے اور صرف 16ٹی ایم سی (10.4فیصد) ہی پانی بچا ہے۔ اگر پانی کی سطح 1743فٹ سے نیچے چلی جاتی ہے تو لنگن مکی بجلی پلانٹ کیلئے پانی سپلائی روک دی جائیگی۔ اسی طرح پانی کی سطح 1724فٹ کو پہنچتی ہے تو ریاست میں سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے شراوتی بجلی پلانٹ کو بھی پانی سپلائی بند کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق کے پی ٹی سی ایل کی جانب سے ان 4بجلی پلانٹوں سے یومیہ 285سے 300ملین یونٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس کامطلب یہ ہوا کہ ڈیم میں موجود پانی سے اگلے صرف 20سے 25دن تک ہی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اس کے بعد پانی کی سطح ڈیڈ اسٹوریج کو پہنچ جائیگی۔لنگن مکی ڈیم کیلئے ریزرو کردہ چکرا اور ساوے ہکلو ڈیموں میں بھی پانی کم ہونے کی وجہ سے بہاؤ رک گیا ہےاور اب شراوتی وادی میں بجلی پیدا کرنے کیلئے لنگن مکی کا پانی ہی سہارا ہے۔ بجلی کی پیداوار کیلئے ڈیم سے روازنہ 2900سے 3000 کیوسک پانی کا استعمال ہوتاہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی پیشگی جانکاری کے مطابق مانسون کو شروع ہونے میں ایک ہفتہ کی دیری ہوسکتی ہے۔ اس دوران بحر عرب میں ہوائی دباؤ میں کمی کے آثار دیکھے گئے ہیں جس کے چلتے مانسون کی شروعات میں مزید دیری ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔امسا ل موسم گرما میں امید کے مطابق بارش نہ ہونے سے بجلی کی مانگ میں اضافہ دیکھاگیا ہے۔ عام طورپر موسم گرما میں بجلی پلانٹ سے زیادہ مانگ نہیں کی جاتی ہے ، ویسے لنگن مکی ڈیم کا پانی بھی بہت ہی احتیاط اور فوری ضرورت پر ہی استعمال کیاجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ موسم گرما میں تھرمل پاور پلانٹ پر زیادہ دباؤتھا ۔ تھرمل پاورپلانٹ میں مختلف وجوہات کی بنا پر بجلی پیداوار میں کمی ہوتی ہے تو ہائیڈرو پاورپلانٹ سے بجلی کا مطالبہ کیا جاتاہے۔ اگر اگلے 15دنوں میں ملناڈ علاقےمیں بارش نہیں ہوتی ہے تو بعد میں والے 10دنوں میں لنگن مکی ڈیم کا پانی اپنی کم تر سطح کو پہنچ جانے سے بجلی پیداوار بند ہونے کا خطرہ ہے۔
