شیموگہ:۔پچھلےدنوں ہونےوالی ہلکی بارش کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں اور گھروں پانی داخل ہونے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اس سے یہ بات صاف ظاہرہوتی ہے کہ شیموگہ میونسپل کارپوریشن کے تمام تعمیراتی کام غیر معیاری اور ناقص ہیں۔اس بات کاالزام سائوتھ بلاک کانگریس کے صدر کلیم پاشاہ نے لگایاہے۔انہوں نے اس تعلق سے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ کارپوریشن کی حکمراں بی جے پی بدعنوانی میں ملوث ثابت ہوئی ہے ۔ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شیموگہ شہر کی ترقی کے لیے ہزاروں کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،لیکن شہرمیں تعمیراتی کاموں کو غیر معیاری طریقے سے انجام دیاجارہاہے،یو جی ڈی،پانی کی نکاسی کا نظام پوری طرح سے درہم برہم ہوچکاہے جس سے معمولی بارش کی وجہ سے ہی شہرکے بیشتر علاقوں میں پانی داخل ہوا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کارپوریشن کی بی جے پی انتظامیہ نے بہتر کاموں کو انجام دینے کے بجائےلوگوں کو پریشان کرنے کے لیے اسمارٹ سٹی کے کاموں کو غیر معیاری طورپر انجام دیا ہے۔تاہم اسمارٹ سٹی کے عہدیداروں اور کارپوریشن انتظامیہ نے عوام کی فلاح و بہبود ی کو فراموش کرتے ہوئے اپنی مرضی سے کام انجام دیتے ہوئےعوام کو پریشانیوں میں مبتلا کیاہے۔ انہوں نےکہاکہ آنے والے دنوں میں اگر بارش شروع ہونے سے پہلے ہی اس طرح کی پریشانی ہوتی ہے تو عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔ایسے غیر سائنسی کام کرنے والوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
