ریاست بھرمیں سائٹس اور گھروں کی تقسیم کیلئے اقدامات جلد:یڈی یورپا
بنگلورو:۔ریاست بھر میں کوئی بھی شخص سائٹ اور گھر سے محروم نہ رہے،اس مقصد کے تحت مستحقین کا پتہ لگاکر سائٹس اور گھروں کی تقسیم کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔یہ بات وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپانے کہی۔انہوں نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہدایت دی ہے کہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے اولین ترجیح دی جائے۔اس کے تحت بنگلور کے آنیکل کے قریب واقع سوریہ نگر میں کے ایچ بی کی طرف سے ترقی دی گئی سائٹس کی تقسیم کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔اسی طرح ریاست بھر میں سائٹس اورگھروں کی تقسیم کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مانسون کے دوران کسانوں کو کھاد،بیچ اور دیگر زرعی اشیاء کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ریاست کے تمام آبی ذخائر میں پانی ہے۔اس مرتبہ اچھی بارش بھی ہوئی ہے اوراچھی فصلیں ہونے کی توقع ہے۔کسانوں کو پرسکون زندگی گذارنے کا موقع فراہم ہو ایسے حالات قائم کرنے حکومت پوری طرح تیاری کررہی ہے۔اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بنگلہ دیش کے باشندوں کی ریاست میں بڑی تعداد ہونے کا شبہ ہے،اس سلسلے میں اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہئ خیال کرکے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔کرناٹک ہاؤزنگ بورڈ کے چیرمین ورکن اسمبلی ارگاگینانیدر نے کہاکہ 1962ء میں قائم کیا گیا ہاؤزنگ بورڈ اس وقت سے بے گھر افراد کیلئے مسلسل سائٹس اور گھر فراہم کرتا آ رہا ہے۔اب تک 1.40لاکھ سائٹس اور 1.25لاکھ گھر تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق سائٹوں اور گھروں کی تقسیم کا کام شروع کیاگیاہے۔ اخباری نمائندوں کو بھی شکاری پور ٹاؤن کی مضافات میں ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے سائٹس تعمیر کرکے دئے جائیں گے۔رکن پارلیمان راگھویندرانے کہاکہ تعلقہ کے صحافیوں کے دیرانہ مطالبے کے تحت وزیر اعلیٰ نے سائٹس کی تقسیم کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے،تمام کیلئے سائٹس فراہم کرنے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔
