ریاض:۔ریاض میں شامی والدین کے جڑے بچوں احسان اور بسام کا آپریشن وزارت نیشنل گارڈز کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ کی قیادت میں میڈیکل ٹیم دونوں بچوں کو ایک دوسرے سے علاحدہ کرنے میں کامیاب ہو گئی۔میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر الربیعہ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ آپریشن پانچ مراحل میں مکمل ہو گا۔ شروعات دونوں بچوں کو بے ہوش کرنے سے ہوں گی۔ 26 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین نے آپریشن میں حصہ لیا۔ڈاکٹر الربیعہ نے آپریشن کا پہلا مرحلہ شروع کرتے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ احسان نامی بچے کا زندہ رہنا مشکل لگتا ہے۔ جسمانی ساخت میں کچھ ایسی خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے اس کا زندہ رہنا آسان نہیں۔ اس کے پیشاب کا نظام ناپید ہے۔ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ دونوں بچوں کے جگر کا آپریشن سب سے مشکل ہے کیونکہ دونوں کی شریانیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔ احسان کے دل میں پیدائشی گڑبڑ ہے۔یاد رہے کہ احسان اور بسام کو ترکیہ کے انقرہ شہر سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مئی میں فضائی ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں شامی بچوں کے آپریشن کا حکم جاری کیا تھا۔شامی بچے کے والد نے بتایا کہ بچوں کی ولادت ترکیہ میں ہوئی جہاں وہ ملک کے خراب حالات کے پیش نظر منتقل ہوئے تھے۔
