بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ کے چھ ججوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے عدالت کے پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) مرلی دھر کو بین الاقوامی نمبر سے واٹس ایپ پر کال اور میسج کرکے یہ دھمکی دی اور 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ فون کرنے والے نے پاکستانی بینک اے بی ایل الائیڈ بینک لمیٹڈ کا اکاؤنٹ نمبر بھی دیا اور کہا کہ رقم جمع نہ ہونے پر دبئی گینگ ججوں کو قتل کر دیگا۔ فون کرنے والے نے پی آر او کے ساتھ کچھ نمبر بھی شیئر کیے اور کہا کہ یہ ہندوستانی شوٹر ہمارے اپنے شوٹر ہیں۔ جن ججوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے ان کے نام جسٹس محمد نواز، ایچ ٹی نریندر پرساد، اشوک نجاگناور، کے نٹراجن اور ویرپا ہیں، جنہیں ہندی، اردو اور انگریزی میں بھیجا گیا ہے ۔پی آر او نے بتایا کہ 12 جولائی کو شام 7 بجے کال موصول ہوئی تھی۔ دھمکیاں بھیجنے والے نے ہندی، اردو اور انگریزی میں پیغامات بھیجے۔ پی آر او نے اس معاملے میں بنگلورو پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
