
شیموگہ:۔شیموگہ شہر کے اوقافی اداروں میں شمار ہونے والے اداروں میں مسلم ہاسٹل ایک اہم ادارہ ہے ، جہاں یہ ادارہ زیر تعلیم طلباء کے لئے رہائش کی سہولیات فراہم کرتاہے وہیں اس ادارے کے ماتحت کئی تجارتی دکانیں ہیں جس سے قوم مسلم کا بڑا طبقہ تجارت کررہاہے ، اسی ہاسٹل کے حدود میں تعمیر شدہ مسجد غیاث میں ہاسٹل کے طلباء کے علاوہ دیگر مسلمان نمازیں ادا کرتے ہیں ، آبادی اور مصلیوں کے لحاظ سے مسجد غیاث کا احاطہ محدود ہونے لگا تھا جسے دیکھتے ہوئے ہاسٹل کمیٹی نے مسجد کی توسیع کا کام انجام دیاہے جس کی وجہ سے اب اس مسجد میں بڑی تعداد میں مصلّی بآسانی نماز ادا کرسکتے ہیں ۔ سال 2016 میں منتخب ہونے والی کمیٹی کے دوران شروع ہونے والا توسیعی کام موجود ہ کمیٹی کے صدر الہدیٰ غوث کی صدارت میں مکمل ہواہے جس کے لئے کمیٹی کے تمام اراکین نے شانہ بشانہ ساتھ دے کر اہل خیر حضرات کی مدد سے اس کام کو انجام دیاہے۔ آج جمعہ کو اس مسجد کا سراز نو افتتاح مسجد امام مولانا صادق احمد کی ثاقب دعاکے ساتھ ہواہے ۔کمیٹی کے صدر الہدیٰ غوث نے بتایا کہ مسجد کی توسیع کے کام کے دوران شہر شیموگہ کی مخلص عوام کے ساتھ ساتھ ہاسٹل کے احاطے میں موجود کرایہ داروں نے بھی بھرپور ساتھ دیا ، یہ کام اللہ کی رضا کے لئے انجام دیا گیاہے اور ایک ایک روپئے کا حساب رکھا گیا ہے ۔ جن لوگوں نے اس کار خیر میں مدد کی ہے انکا میں پوری کمیٹی کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ سے دعا گو ہوں کہ اللہ تمام کو جزائے خیر دے ۔افتتاحی تقریب میںمسلم ہاسٹل کمیٹی کے نائب صدر حافظ سرفراز پٹیل ،خزانچی عبدالمجیب ، ممبر ہیچ کے عبدالواجد ، محمد سلیم انڈین ،شمعون شریف، ہاسٹل کے وارڈن سعید احمد ، موذن مخدوم شریف، عبدالجلیل کے علاوہ دیگر مصلیان موجود تھے ۔
