شیموگہ:۔سیاست میں تبدیلی ہوتی ہی رہتی ہے اور ہونی بھی چاہیے،اسی وجہ سے میں نے کانگریس پارٹی کی آج باضابطہ طورپر رکنیت حاصل کی ہے۔پارٹی کومضبوط کرنا میرا اہم مقصد رہے گا۔اس بات کااظہار سابق رکن پارلیمان آئینورمنجوناتھ نے کیاہے۔انہوں نے آج پارٹی دفترمیں پارٹی کی بنیادی رکنیت حاصل کرنے کے بعد نامہ نگاروں سےبات کرتے ہوئے کہاکہ کے پی سی سی دفترمیں پارٹی کے سربراہوں کے درمیان پارٹی میں شمولیت اختیارکی ہے،کانگریس میرے لئے پُرانی راہ ہے،لیکن سفر نیا ہو گا ۔ آنےوالے تمام انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرونگا اور میرے ساتھ جو ساتھی کانگریس میں شامل ہوئےہیں،اُن کو ساتھ لیکر پارٹی کیلئے کام کرونگا۔کانگریس پارٹی نے غریبوں اور ضرورتمندوں کیلئے کئی منصوبے جاری کئے ہیں،اس کے علاوہ مزدوروں کیلئے بھی پارٹی کے منصوبے کارآمدہیں،اس درمیان شیموگہ میں امن وسکون قائم ہو اس کیلئے بھی پیش رفت کی جائیگی۔ضلع کانگریس کے صدر ایچ ایس سندریش نے بات کرتے ہوئے کہاکہ آئینورمنجوناتھ نے پارٹی کے نظریات کو قبول کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیارکی ہے،لوک سبھا،راجیہ سبھا، ایم ایل ا ے اور ایم ایل سی کے انتخابات کا اُنہیں کافی تجربہ ہے،ہم اُنہیں دل سے پارٹی میں استقبال کرتے ہیں۔آئینورمنجوناتھ کی کانگریس میں آمدکولیکر بی جے پی یہ کہہ رہی ہے کہ یہ آپریشن کانگریس ہے،ہمیں کسی بھی طرح کی آپریشن کی ضرورت نہیں ہے،جو لوگ اپنی سیاست سے ریاست کی فلاح وبہبودی چاہتے ہیں وہ ہماری پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔پریس کانفرنس میں سابق ایم ایل سی آرپرسنناکمار،ایس کے مریپا،ایس پی شیشادری،سائوتھ بلاک کے صدر کلیم پاشاہ،سیدوحیداڈو،مختاراحمد،آئیڈیل گوپی،ریاض احمد،سید سیف اُللہ وغیرہ موجودتھے۔
