بنٹوال کے سرکاری ہائی اسکول کی ایک ہی کلاس میں جڑواں بہنوں کی پانچ جوڑیاں !

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنٹوال:۔ جڑواں بہنوں کی پانچ جوڑیاں ایک ہی کلاس میں زیر تعلیم  ہونے کا دلچسپ منظر بنٹوال ساجیپموڈا گورنمنٹ پری یونیورسٹی کالج اینڈ ہائی اسکول میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہ ایک نادرمثال ہے جس کی وجہ سے ان بچیوں کی ہم جماعت ساتھیوں کو ان کی شناخت کے تعلق سے اکثرالجھن کا شکارہونا پڑتا ہے۔ مینگلور کے معروف نیوزپورٹل دائیجی ورلڈ نے اس تعلق سے دلچسپ خبر پوسٹ کی ہے۔جڑواں بچوں کی جوڑیاں الگ الگ اسکولوں میں زیرتعلیم ہونے کی بات توعام ہے لیکن ایسا شائد پہلی بارہورہا ہے کہ ایک ہی ہائی اسکول میں بیک وقت ایک ہی کلاس میں پانچ جوڑیاں تعلیم حاصل کر رہی ہوں اورسب کی سب بچیاں ہوں ۔دائیجی کی رپورٹ کے مطابق آٹھویں جماعت میں ایک ساتھ زیرتعلیم ان بچیوں میں ایک جوڑی غیرمسلم ہے جبکہ بقیہ چارجوڑیاں مسلم طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان بچیوں کے نام عائشہ زیبا- خدیجہ ضیاء، شرنوی ۔ جھانوی، فاطمہ کاملہ – فاطمہ شاملہ، عائشہ رائفہ – فاطمہ راولہ، زلیخا روفیدہ – حلیمہ روفیدہ بتائے جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام جوڑیاں اکثرایک جیسی نظرآتی ہیں اسلئے ان کی ہم جماعت ساتھیوں کو ہی نہیں بلکہ اساتذہ کو بھی درست طریقے پر پہچاننے میں مشکل پیش آتی ہے اور اکثران بچیوں کی سہیلیاں بے وقوف بھی بن جاتی ہیں ۔ ان سب بچیوں کو ایک ساتھ ایک ہی یونیفارم میں دیکھ کر اکثر لوگوں کے چہرے پر حیرانی اور مسکراہٹ صاف نظرآتی ہے۔