کمارسوامی کے خلاف شکایت درج

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ریاستی حکومت کی بدعنوانیوں کے تعلق سے شواہدپیش کرنے کے تعلق سے پچھلے دنوں کمارسوامی نے اپنے پاس جو پین ڈرائیوہونے کی بات کہی تھی،اُس پین ڈرائیو کو جانچ ایجنسیوں کےحوالے نہ کرنے کا الزام لگا کر ان کے خلاف ایک وکیل نے یہاں کے ودھان سودھا پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی ہے ۔ امرتیش نامی وکیل نے ودھان سودھا پولیس تھانے میں پیش کردہ شکایت میں کہاہے کہ کمارسوامی میں اسمبلی میں اس بات کا دعویٰ کیاتھاکہ ان کے پاس حکومت کی بدعنوانیوں اور رشوت خوری کے تعلق سے کئی شواہد موجودہیں جو ایک پین ڈرائیومیں محفوظ کئے گئے تھے،لیکن کئی مہینے گذرنے کے باوجود کمارسوامی نے اس پین ڈرائیوکوجانچ ایجنسیوں کو سونپنے کے بجائے اپنے پاس ہی رکھ کر بدعنوانی کوبڑھاوا دے رہے ہیں،اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔کمارسوامی نے پین ڈرائیوکو سات دنوں میں منظرِ عام پر لانےکی بات کہی تھی ،لیکن مہینوں گذرنے کے بعد بھی انہوں نے اس پین ڈرائیوکو نہ تو عوام کے سامنے پیش کیاہے اورنہ ہی پولیس اہلکاروں کو سپرد کیا ہے ۔ جس طرح سے انہوں نے اپنے بیٹے کے گلے میں لٹکنے والے باگھ کے ناخن والا لاکیٹ محکمہ جنگلات کے حوالے کرنے کی بات کہی ہے،اسی طرح سے وہ اس پین ڈرائیو کوبھی جانچ ایجنسیوں کے حوالے کریں ۔ فی الحال پولیس نے شکایت قبول کی ہے،لیکن ایف آئی آردرج نہیں کی ہے۔