کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی میسور کے شعبہ اردو میں’ یوم اردو‘ کاانعقاد

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
میسورو:۔بروز، جمعرات9نومبر2023 کوکرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی میسور کے شعبئہ اردو میں ’’ یومِ ِاردو ‘‘ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت یونیورسٹی کے ڈین   اسٹڈی سنٹر و ڈائرکٹر آف آل لانگویجس اور شعبئہ اردو کے صدر پروفیسر یم راماناتھم نائیڈو نے کی۔شعبئہ کے اسسٹنٹ پروفیسر و پروگرام ڈاکٹر محمد نصراللہ خان نے صدرِ جلسہ و دیگر مہمانوں کے ساتھ تمام شرکاء کا تعارف پیش کرتے ہوئے پُر جوش استقبال کیا۔اسکے علاوہ دیگر شعبہ جات کے پروفیسر صاحبان ، نان ٹیچنگ اسٹاف بھی اس محفل میں شریک رہے ۔ اس پروگرام کی نظامت شعبئہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عشرت فاطمہ نے کیا۔آپ نے اردو زبان وادب اور علامہ اقبال ؔکی حب الوطنی سے سر شار شاعری پر روشنی ڈالی۔اردو کی عظمت بیان کرتے ہوئے اہم شعراء و ادباء کا تذکرہ کیا ۔ ڈاکٹر محمد نصراللہ خان نے اپنے خطاب میں یوم اردو منانے کے مقاصد پر تفصیلی بحث کی۔ اردو زبان کی اہمیت اور اس کی مقبولیت کے راز بتائے۔ اس طرح یہ بتایا کہ دنیا میں اردو بولنے والوں کی تعداد دنیا بھر میں کروڑوں میں ہے۔ اس طرح دنیا میں اردو کا مقام گیارواں ہے۔اور کہا کہ علامہ اقبالؔ کی یوم ولادت کو یوم اردو منایاجاتا ہے اقبالؔ وہ شاعر تھے جنہوں نے ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا  ‘‘ جیسا قومی گیت لکھا جو پہلے بھی مقبول رہا آج بھی ہے او ر انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا ۔ جب بھی یہ گیت ہم سنتے ہیں تو ہمیں اپنے ہندوستانی ہونے پر مزید فخر ہونے لگتا ہے۔ اس طرح علامہ اقبالؔ نے عوام کے دلوں میں جذبئہ حب الوطنی کو ابھارا ۔ اسطرح آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے ہندوستان کی شان و عظمت کو دنیا کے سامنے بڑے ہی موثر انداز میں پیش کیا ۔ اس بزم کے صدر راماناتھم نائیڈو نے اردو زبان کی اہمیت و افادیت پر اپنے منفرد انداز میں بات کی اور کہا کہ اردو کی مٹھاس دلوں کو جیت لیتی ہے۔ تمام ہندوستانی زبانیں بڑی ہی پیاری ہیں۔آج سماج میں آپسی اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔زبانیں دلوں کو جیتنے کا کام کرتی ہیں۔ اور مزید اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے جنم دن کو یوم اردو منایا جاتا ہے اردو زبان کی شان میں اپنے نظریات پیش کئے ۔اس کے ساتھ شعبئہ اردو کی کوششوں اور کاوشوں کی ستائش کی شعبے کے اساتذہ کرام کی اردو کے تئیں دلچسپی اور محنتوں کی خوب تعریف کی ۔ اس پرُر رونق محفل کے آراستہ کرنے پر مبارکباد پیش کیا ۔ اور مزید اردو شعبے کے فروغ کے لئے اسی طرح کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے ذرّین خیالات پیش کئے ۔ آخر میں ڈاکٹر محمدنصراللہ خان نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دئے ۔