ملک میں کورونا کیسز 3 کروڑ کے قریب ، محض51 دن میں ایک کروڑ افراد متاثر 

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ہندوستان میں کورونا وائرس کا گراف نیچے آ رہا ہے اور منگل کو 91 دن بعد پہلی بار 50 ہزار سے بھی کم نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے متاثرہ افراد کی کل تعداد تین کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ بدھ کے روز  یہ تعداد سرکاری طور پر تین کروڑ کو عبور کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، یعنی صرف 51 دن میں ایک کروڑ کیسز درج ہوئے  ہیں۔ یہ کورونا کی دوسری لہر ہی کا نتیجہ ہے کہ اس مدت کے دوران نہ صرف ملک میں پہلی لہر کے ایک لاکھ کیسز کاریکارڈ ٹوٹا بلکہ نئے کیسز کی سونامی کے درمیان یہ تعداد آہستہ آہستہ 4 لاکھ کو عبور کرگئی۔منگل کو ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد دو کروڑ 99 لاکھ 77 ہزار 861 تک پہنچ گئی ہے ، جو 22 ہزار سے کم تین کروڑ ہے۔ ایک تخمینہ کے مطابق بدھ کے روز سرکاری طور پر تین کروڑ کا ہندسہ عبور کرجائے گا۔ ایسی صورتحال میں 23 جون کی بنیاد پر اندازہ لگایا جائے توہندوستان میں صرف 51 دن میں کورونا کے ایک کروڑ کیسز درج ہوئے ہیں۔ یہ کورونا کی دوسری لہر کے قہر کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر یومیہ کے اوسط پر نظر ڈالی جائے تو ان 51 دنوں میں تقریباً تقریبا دو لاکھ کیسز(1.96 لاکھ) یومیہ درج ہوئے ہیں۔ اس میں 6 مئی کو ریکارڈ 412262 کورونا مریض پائے گئے۔ملک میں کورونا کا پہلا کیس 30 جنوری 2020 کو سامنے آیاتھا اور 18 دسمبر کو کورونا کے ایک کروڑ کیسز ہوگئے تھے ، جب متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10004825 ہوگئی تھی۔ یعنی تقریبا 11 مہینوں میں کل مریض ایک کروڑ تھے۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران 16 ستمبر کو ایک دن میں سب سے زیادہ 97859 کیسز درج ہوئے تھے۔ 03 مئی کو ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر گئی تھی۔ تب مریضوں کی یہ کل تعداد 20275543 ہوگئی تھی۔ یعنی پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں ایک کروڑ مریض پائے گئے تھے۔ پہلے ایک کروڑ مریضوں کے مقابلے میں دوسرے ایک کروڑ مریض کم وقت میں دوکروڑ ہوگئے ۔