اُڈپی کے نجارمیں چارافراد کا قتل: ملزم نے دی ضمانت کیلئے درخواست; پولیس کارروائی میں رکاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر ہائی کورٹ نے دیا عبوری اسٹے

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
اڈپی:۔ اُڈپی کے نجارمیں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو بیک وقت قتل کرنے والے ملزم پروین چوگلے کی طرف سے سیشن عدالت میں ضمانت کی عرضی داخل کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملزم پرون چوگلے اس وقت پرپنا اگرہارا جیل بینگلورو میں عدالتی حراست کے تحت قید ہے جس کی میعاد 18 دسمبر کو ختم ہوتی ہے۔ ملزم کے دفاعی وکیل کے ایس این راجیش نے 14 دسمبر کو اڈپی کے سیکنڈ ایڈیشنل اینڈ سیشنس کورٹ میں ضمانت کے لئے درخواست دی ہے ۔ جج دنیش ہیگڈے نے اس عرضی کو سماعت کے لئے منظور کیا ہے اور انہوں نے وکیل استغاثہ پبلک پراسیکیوٹر پرکاش چندرا شیٹی کو 20 دسمبر تک اپنے اعتراضات داخل کرنے کے لئے نوٹس دی ہے ۔  نجارمیں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کرنے کی جو سنسنی خیز واردات پیش آئی تھی ، اس کے ملزم پروین چوگلے کو جائے واردات پر لانے کے موقع پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف پولیس نے جو کارروائی شروع کی تھی اور بعض لوگوں پرمقدمات عائد کئے تھے، اُس پر ریاستی ہائی کورٹ نے عبوری اسٹے دیا ہے۔ خیال رہے کہ جب تفتیش کے مقصد سے قتل کے ملزم پروین چوگلے کو نجارمیں واقع مقتول خاندان کے گھر تک لایا گیا تھا تو اس وقت مقامی بھیڑ نے ہنگامہ کھڑا کیا تھا اور پروین چوگلے کو بھیڑ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس واقعہ کے پس منظر میں ملپے پولیس نے بھیڑمیں موجود لوگوں پر پولیس کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے کیس دائر کرکے انہیں نوٹس جاری کی تھی،جس پر ایسو سی ایشن فورپروٹیکشن آف سوِل رائٹس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ محمد نیاز نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے مانگ کی تھی کہ پولیس کی اس کارروائی پر روک لگائی جائے۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے اس پرعبوری روک کا حکم جاری کیا ہے۔