دہرہدون : اتراکھنڈ حکومت 5 فروری کو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) بل پاس کر سکتی ہے۔ اسی لیے ریاستی حکومت نے بل پر بحث کے لیے اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس بلایا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی سابق جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی قیادت میں پانچ رکنی کمیٹی 2 فروری کو حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ یہ کمیٹی مئی 2022 میں وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں ریاستی حکومت نے تشکیل دی تھی۔یہ پیش رفت وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے جمعرات کو اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ یکساں سول کوڈ کے لیے بنائی گئی پانچ رکنی کمیٹی نے مسودہ مکمل کر لیا ہے۔دھامی نے روڑکی میں نمو نو ووٹرز کانفرنس (نیو ووٹرز کانفرنس) سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جیسے ہی ہمیں مسودہ ملے گا، ہم اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے اور پوری ریاست میں یکساں سول کوڈ کو نافذ کریں گے۔ گورنر نے سال 2023 کے دوسرے اجلاس کے لیے اتراکھنڈ کی پانچویں اسمبلی کا اجلاس منگل 05 ستمبر 2023 کو صبح 11 بجے سبھا منڈپ، ودھان سبھا بھون، دہرادون میں طلب کیا تھا اور اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اتراکھنڈ اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 08 ستمبر 2023 کو اتراکھنڈ اسمبلی کے معزز اسپیکر کے ذریعہ پیر 5 فروری 2024 کو صبح 11 بجے ایوان کا دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا۔ دی انڈین ایکسپریس کی طرف سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق، کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ میں صنفی مساوات اور آبائی جائیدادوں میں بیٹیوں کے مساوی حقوق کی تجویز دی گئی ہے۔ کمیٹی کے دستاویز میں مبینہ طور پر خواتین کی شادی کے قابل عمر کو 21 سال تک بڑھانے کی تجویز نہیں دی گئی ہے اور خواتین کے لیے شادی کی عمر کو 18 سال تک برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔بی جے پی کی حکومت والے گجرات اور آسام بھی اپنی اپنی ریاستوں میں یو سی سی کو پاس کرنے کے لیے قطار میں ہیں۔ تاہم، دونوں ریاستیں ابھی بھی بل کا مسودہ تیار کرنے کے عمل میں ہیں۔
