شیموگہ:۔شیموگہ سٹی کو چھوڑ کرضلع کے تمام دیہی اورتعلقوں کی سرکاری اور امدادی کالجوں میں 18سال سے زائد عمر والے تقریباً 16 ہزارطلباء کومفت کورونا ویکسین فراہم کرنےکا ہدف رکھا گیا ہے۔اس بات اظہار رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا نے کیا ہے۔ انہوں نے شہر کے ایم پی ایل اسپورٹس فائونڈیشن، سیوا بھارتی ، پیسٹ ایجوکیشن سوسائٹی، سیہادری نارائن ملٹی نیشنل اسپتال اور محکمہ بہبودی صحت وخاندان کے اشتراک سے اس پروگرام کا اہتمام کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے اہل تمام کالجوں کے پرنسپل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلباء سے رابطہ کریں اور انہیں خوراک دلوانے کیلئے کام کریں۔یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ اسکولوں اورکالجوں کے شروع ہونے سے قبل ہی حکومت کی توقع کے مطابق تمام اہل طلباء کو کم ازکم پہلی خوراک مہیاکرنے کیلئے مقامی تنظیمیں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے خوراک کی مہم کو مزید تیزی فراہم ہوگی۔ اسی پروگرام میںمقامی تنظیموں کی جانب سے کوویڈ کی مشکلات کا سامنا کررہے 25 ہزار غریب خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا پہلا ملک ہے جس میں سب سے زیادہ تعداد میں لوگوں کوویکسین دینے میں کامیاب ہوا ہے ۔ اسی طرح یہ بات بھی قابل ستائش ہےکہ ہماری ریاست نےبھی اس معاملے میں ملکی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا۔ انہوں نےبتایا کہ پہلے ہی مرحلے میں ضلعی سطح پر 4.48 لاکھ افراد کوکورونا سے بچنے کے ٹیکے دئےجاچکے ہیں اور 88ہزارافراد کودوسری خوراک دی گئی ہیں۔ ضلع کی سرکاری، امدادی فرسٹ گریڈ، بی ایڈکالجوں کے طلباء میں ٹیکہ اندوزی کی مہم چلائی جائیگی اوراس مہم کا آغاز کل سے اگلے 3 دنوں تک جاری رہےگا۔ اس پروگرام کا افتتاح ریاستی وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپاکے ہاتھوںورچوئل ویڈیو کے ذریعہ انجام دینے کی معلومات دی ہے ۔ مزید بتایا کہ ملک میں کورونا ویکسین کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اسی کے ساتھ 18 سال سے زائد عمر والے تمام لوگوں تک خوراک مہیا کرنے کے کام میں بھی تیزی لائی جارہی ہے۔ ضلع کے تمام اہل طلباء کو اس مہم کا حصہ بننا چاہئے اوراس سے استفادہ حاصل کرنے پر رکن پارلیمان نےاپیل کی ہے۔ اس موقع پر میئر سونیتا انپا، ایم پی ایل ادارے کے ذمہ دارسریش ودیاناتھ، جگدیش، راجن، اومیش، گنی شنکر، محکمہ بہبودی صحت وخاندان کے آفسر ڈاکٹرراجیش سرگی ہلی، ناگراج وغیرہ موجودتھے۔
