جھوٹی نمائش اور سوشل اسٹیٹس کا جنون

مضامین
از:۔ڈاکٹر نفیس فاطمہ اے۔ایچ، جامعہ کوویمپو، شعبہ اردومطالعہ و تحقیق، سہیادری کالج کیمپس، شیموگہ۔9945304797)
انسان کی فطرت میں عزت، مقام اور پہچان کی خواہش شامل ہے، لیکن جب یہی خواہش اعتدال سے نکل کر دکھاوا اور جھوٹی نمائش کا روپ دھار لیتی ہے تو یہ معاشرتی برائی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ آج کے دور میں سوشل اسٹیٹس کا جنون افراد کو اس بات پر مجبور کرتا ہے کہ وہ اپنی اصل زندگی کے بجائے ایک مصنوعی زندگی پیش کریں۔ سوشل میڈیا، برانڈز، مہنگی تقریبات اور نمود و نمائش کے دیگر مظاہر نے معاشرے میں ایک ایسی دوڑ لگا دی ہے جس میں لوگ ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کے لیے اپنی استطاعت سے بڑھ کر اخراجات کرتے ہیں۔ نتیجتاً معاشرتی ناہمواری، احساسِ کمتری، گھریلو جھگڑے اور اخلاقی زوال جنم لیتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس رویے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور سادگی، قناعت اور اخلاص جیسے مثبت اقدار کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرہ حقیقی سکون اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
انسان کی زندگی خواہشات کی ایک طویل داستان ہے۔ ان خواہشات میں سب سے نمایاں خواہش یہ ہے کہ معاشرہ اسے عزت دے، اس کے وجود کو تسلیم کرے اور اس کی زندگی دوسروں سے منفرد نظر آئے۔ یہی خواہش اگر اعتدال میں رہے تو ترقی و کامیابی کا زینہ بنتی ہے، لیکن جب یہ جنون کی صورت اختیار کر لیتی ہے تو انسان کو جھوٹی نمائش اور سماجی مرتبے کی دوڑ میں دھکیل دیتی ہے۔ ماضی میں یہ جھوٹی نمائش زیورات، پوشاک اور دولت کے اظہار تک محدود تھی، لیکن اکیسویں صدی میں یہ بیماری ایک نئے اور زیادہ خطرناک انداز میں ہمارے معاشرے میں سرایت کر چکی ہے۔ آج کے سوشل میڈیا کے دور میں جھوٹی نمائش اور سماجی حیثیت کا جنون ہر عمر اور ہر طبقے کو اپنی گرفت میں لے چکا ہے۔
آج انسان کی پہچان اور عزت اس کی تعلیم، کردار یا شرافت سے نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر اس کے "لائکس”، "فالوورز” اور "کمنٹس” سے ہونے لگی ہے۔ لوگ اپنی اصل زندگی کو نظرانداز کر کے ایک "مصنوعی زندگی” کی نمائش میں مصروف ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اس رجحان نے سب سے زیادہ خواتین کو متاثر کیا ہے، خصوصاً وہ لڑکیاں اور شادی شدہ خواتین جو ریلس بنانے کے شوق میں اپنی گھریلو اور ازدواجی زندگی کو داؤ پر لگا دیتی ہیں۔
یہ تحریر دراصل اسی سنگین مسئلے کا جائزہ ہے۔ اس میں یہ واضح کیا جائے گا کہ جھوٹی نمائش کیا ہے، یہ کس طرح ہمارے معاشرے میں جڑ پکڑ چکی ہے، ریلس اور سوشل میڈیا کس طرح رشتوں، اخلاقیات اور ذہنی سکون کو متاثر کر رہے ہیں، اور آخرکار اسلام اس بارے میں ہمیں کیا رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
جھوٹی نمائش کا مفہوم اور پس منظر:انسانی فطرت میں یہ بات شامل ہے کہ وہ دوسروں سے بہتر نظر آنا چاہتا ہے۔ لیکن جب یہ خواہش اعتدال سے نکل جائے تو یہ ایک بیماری کی شکل اختیار کر لیتی ہے جسے ہم "جھوٹی نمائش” یا ریاء کہتے ہیں۔
جھوٹی نمائش کا مفہوم یہ ہے کہ انسان اپنی اصل حالت کو چھپاکر ایک مصنوعی اور بناوٹی کیفیت دوسروں کے سامنے پیش کرے تاکہ لوگ اسے زیادہ دولت مند، زیادہ خوشحال یا زیادہ خوش و خرم سمجھیں۔ اس نمائش کا مقصد حقیقت نہیں بلکہ دوسروں کو متاثر کرنا ہوتا ہے۔ یہ رجحان نیا نہیں ہے بلکہ قدیم زمانے سے انسانی معاشرے میں پایا جاتا رہا ہے۔ ماضی میں لوگ اپنی شان و شوکت محلات، گھوڑوں، ہاتھیوں اور نوکروں کی کثرت کے ذریعے ظاہر کرتے تھے۔ برصغیر میں جاگیردار اور نواب اپنے لباس، محفلوں اور طرزِ زندگی میں اپنی دولت کی جھلک دکھاتے تھے۔ حتیٰ کہ شادی بیاہ کی رسومات بھی اکثر نمائش اور اسٹیٹس کا ذریعہ بنی رہیں، جہاں اصل مقصد خوشی کے بجائے سماجی رتبہ جتانا زیادہ نمایاں نظر آتا تھا۔مگر یہ سب کچھ محدود دائرے تک ہوتا تھا۔ آج سوشل میڈیا نے اس جھوٹی نمائش کو ایک عالمی اور خطرناک شکل دے دی ہے۔ اب ہر شخص کے پاس موبائل کیمرہ ہے، ہر لمحہ کی ویڈیو اور تصویر "دنیا” کے سامنے لائی جا سکتی ہے۔
آج کی صورتِ حال میں نمائش کا مفہوم صرف زیورات، لباس یا گاڑیوں تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ زندگی کے ہر پہلو میں سرایت کر چکا ہے۔ لوگ کھانے کی پلیٹ تک دکھاتے ہیں، سفر کی ہر جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں اور اپنی خوشیوں و غموں کو بھی "کانٹینٹ” بنا دیتے ہیں۔ یہی وہ پس منظر ہے جس نے "جھوٹی نمائش اور سوشل اسٹیٹس کے جنون” کو ایک عالمی معاشرتی بحران میں تبدیل کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا کے دور میں جھوٹی نمائش:سوشل میڈیا نے بلاشبہ دنیا کو قریب کر دیا ہے، لیکن اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ اس نے جھوٹی نمائش کو انسان کی زندگی کا ایک لازمی جزو بنا دیا ہے۔ پہلے لوگ صرف قریبی حلقے میں اپنی حیثیت جتانے کی کوشش کرتے تھے، مگر اب ہر فرد اپنی ذاتی زندگی کی جھلکیاں دنیا بھر کے "فالوورز” کے سامنے رکھنے پر مجبور دکھائی دیتا ہے۔ انسٹاگرام، فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک جیسی ایپس نے انسان کو ایک ایسی "مصنوعی دنیا” کا اسیر بنا دیا ہے جہاں اصل سے زیادہ دکھاوا اور حقیقت سے زیادہ نمائش کی قدر کی جاتی ہے۔
1۔ جھوٹی مسکراہٹ اور فرضی خوشی:سوشل میڈیا پر اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ لوگ ہمیشہ ہنستے مسکراتے، خوشگوار محفلوں میں شریک اور پُرسکون زندگی گزارتے ہوئے نظر آتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ان کی زندگیاں بھی مسائل، پریشانیوں اور دکھوں سے بھری ہوتی ہیں۔ یہ مصنوعی خوشی اور بناوٹی مسکراہٹیں دوسروں کو دھوکے میں مبتلا کر دیتی ہیں اور انہیں احساسِ کمتری کا شکار بنا دیتی ہیں، کیونکہ وہ یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ شاید صرف ان کی زندگی ہی مشکلات اور ناکامیوں سے دوچار ہے۔ یوں سوشل میڈیا نہ صرف جھوٹی نمائش کو عام کرتا ہے بلکہ انسانی ذہنوں میں غیر ضروری دباؤ، مایوسی اور مقابلے کی دوڑ کو بھی بڑھا دیتا ہے۔
2۔ دولت اور اسٹیٹس کی نمائش:کچھ لوگ قیمتی گاڑیوں، برانڈڈ کپڑوں، بیرونِ ملک کے سفر اور مہنگے کھانوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں کامیاب، خوشحال اور بااثر سمجھیں۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اکثر اوقات یہ سب کچھ ادھار، دکھاوے یا محض کرائے پر لیا گیا ہوتا ہے۔ اس کے باوجود یہ مصنوعی نمائش دیکھنے والوں کے دلوں میں حسد، لالچ اور بے چینی کے بیج بو دیتی ہے۔ کئی افراد اپنی اصل حیثیت کو بھلا کر اس مقابلے کی دوڑ میں شامل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں مالی دباؤ، ذہنی تناؤ اور معاشرتی عدم اطمینان میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
3۔ ریلس اور ویڈیوز کی دوڑ:اب صورتحال اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ لوگ دن رات اپنی ویڈیوز بنانے اور ریلس اپ لوڈ کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔ اکثر یہ ریلس محض بناوٹی پرفارمنس اور غیر حقیقی مناظر پر مبنی ہوتی ہیں جن کا اصل زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ویوز، لائکس اور کمنٹس حاصل کیے جائیں تاکہ دوسروں کی توجہ اور تعریف ملے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اس دوڑ میں لوگ اپنے وقت، صلاحیتوں اور حتیٰ کہ رشتوں کو بھی قربان کر دیتے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ عارضی شہرت اور مصنوعی مقبولیت کبھی بھی حقیقی سکون اور اطمینانِ قلب فراہم نہیں کر سکتی۔
4۔ ذاتی زندگی کی تشہیر:سوشل میڈیا پر نمائش کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ لوگ اپنی گھریلو خوشیاں، رشتے، تقریبات اور حتیٰ کہ بچوں کی معصوم زندگی اور پرورش تک کو "کانٹینٹ” بنا دیتے ہیں۔ یہ نہ صرف پرائیویسی کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ آنے والے وقت میں کئی سنگین مسائل کو جنم دیتی ہے، مثلاً بچوں کی ذہنی نشوونما پر منفی اثرات، خاندانی تعلقات میں بناوٹ اور اعتماد کی کمی۔ یوں یہ کہا جا سکتا ہے کہ آج کا انسان حقیقی زندگی کم اور "سوشل میڈیا زندگی” زیادہ گزار رہا ہے۔ اس کی کامیابی اور ناکامی کا پیمانہ کردار، علم یا اخلاقیات کے بجائے "فالوورز” اور "لائکس” کی تعداد بن چکا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ معاشرتی اقدار کمزور پڑ رہی ہیں، اخلاص اور سچائی پسِ پشت جا رہے ہیں، اور انسان ایک ایسی دوڑ میں شامل ہو چکا ہے جس کا نہ کوئی انجام ہے اور نہ ہی کوئی حقیقی فائدہ۔
ریلس اور خواتین — ازدواجی و سماجی اثرات:سوشل میڈیا کے اس "ریلس کلچر” نے سب سے زیادہ اثر خواتین، خصوصاً نوجوان لڑکیوں اور شادی شدہ عورتوں پر ڈالا ہے۔ نمائش اور شہرت کی یہ خواہش کئی بار ان کی زندگیوں میں ایسے طوفان برپا کر دیتی ہے کہ خوشحال گھرانے بھی بکھر جاتے ہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لائکس اور ویوز کی دوڑ میں عورتیں اپنی گھریلو ذمہ داریوں اور رشتوں سے غافل ہو جاتی ہیں، جس سے میاں بیوی کے درمیان اعتماد کی کمی اور تنازعات جنم لیتے ہیں۔ بعض اوقات یہ جھوٹی نمائش حسد، بدگمانی اور غیر ضروری مقابلے کو ہوا دیتی ہے، جو خاندانی نظام کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوتا ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ ریلس کلچر نے جہاں وقتی شہرت اور دکھاوے کو فروغ دیا ہے، وہیں اس نے کئی خاندانوں کی بنیادیں بھی ہلا کر رکھ دی ہیں۔
نمائش نے گھر اجاڑ دیا: بنگلور کی ایک شادی شدہ خاتون کو انسٹاگرام پر ریلس بنانے کا اس قدر شوق تھا کہ یہ مشغلہ ان کی زندگی کا محور بن گیا۔ وہ گھنٹوں میک اپ میں وقت گزارتی، نت نئے لباس زیب تن کرتیں اور مختلف گانوں پر ویڈیوز ریکارڈ کرتیں۔ جب ان کی ریلس پر لائکس اور کمنٹس کی بھرمار ہوتی تو وہ خود کو کامیاب اور مقبول تصور کرتیں۔ لیکن یہ شوق آہستہ آہستہ ان کے شوہر کے لیے ذہنی اذیت میں بدل گیا۔ شوہر نے بارہا نرمی اور سختی سے سمجھانے کی کوشش کی کہ گھر اور بچوں پر توجہ دینا زیادہ ضروری ہے، مگر وہ سوشل میڈیا کی چمک دمک میں اس قدر کھو چکی تھیں کہ حقیقت کی طرف لوٹنے کا موقع ہی نہ ملا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ معمولی اختلافات بڑھتے بڑھتے سنگین جھگڑوں میں تبدیل ہو گئے اور آخرکار رشتہ ٹوٹ گیا۔ یوں وقتی شہرت اور چند لمحوں کی مصنوعی خوشی نے ایک خوشحال گھرانے کو برباد کر دیا۔
1۔ وقت کا ضیاع اور گھریلو ذمہ داریوں سے غفلت:بہت سی لڑکیاں اور خواتین دن رات ریلس بنانے اور اپ لوڈ کرنے میں مصروف رہتی ہیں۔ گھنٹوں کی محنت صرف چند سیکنڈ کی ویڈیو کے لیے لگائی جاتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ اپنی گھریلو ذمہ داریوں، بچوں کی پرورش اور شوہر کے حقوق سے غافل ہو جاتی ہیں۔ اکثر اوقات شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑوں کی جڑ یہی سوشل میڈیا بن جاتا ہے۔
2۔ ازدواجی زندگی پر منفی اثرات:کئی خواتین اپنی ازدواجی زندگی کے مسائل کو پسِ پشت ڈال کر صرف سوشل میڈیا پر "گلیمرس لائف” دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کی ترجیح گھر کی سکون بھری فضا نہیں بلکہ زیادہ فالوورز اور ویوز حاصل کرنا ہوتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ شوہر بیوی کی اس بے رخی سے تنگ آکر تعلقات میں سرد مہری محسوس کرنے لگتا ہے۔ آج طلاق اور علیحدگی کی کئی مثالوں کے پیچھے یہی "ریلس کا جنون” کارفرما ہے۔
دوستوں کی تقلید کا انجام:منگلور کی ایک شادی شدہ لڑکی نے اپنی سہیلیوں کو سوشل میڈیا پر خوبصورت لباس اور مہنگے زیورات کے ساتھ ریلس اور ویڈیوز بناتے دیکھا۔ دکھاوے کی اس دوڑ نے اسے بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ ان کی نقل کرنے لگی۔ لیکن حقیقت یہ تھی کہ اس کے شوہر کی آمدنی اتنی زیادہ نہ تھی کہ وہ روزانہ نئے کپڑے، میک اپ اور زیورات پر ہزاروں روپے خرچ کر سکے۔ بیوی کے اصرار پر شوہر نے خواہشات پوری کرنے کی کوشش کی، مگر اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ قرض کے بوجھ تلے دبنے لگا۔ وقت کے ساتھ ساتھ گھریلو اخراجات بڑھ گئے، مالی دباؤ ناقابلِ برداشت ہوتا گیا اور میاں بیوی کے رشتے میں تلخی اور جھگڑے پیدا ہونے لگے۔ یوں دوستوں کی جھوٹی نمائش کی اندھی تقلید نے نہ صرف ان کی معاشی حالت کو تباہ کر دیا بلکہ ایک خوشگوار زندگی کو بھی بحران اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا۔
یہ واقعات ہمارے معاشرے کی کھلی حقیقت ہیں۔ جھوٹی نمائش اور ریلس کا جنون وقتی خوشی تو دیتا ہے مگر اس کے بدلے انسان اپنی عزت، رشتے، سکون اور کبھی کبھی اپنی پوری ازدواجی زندگی کھو بیٹھتا ہے۔
3۔ نامحرم نگاہوں کے سامنے نمود و نمائش:ریلس کے شوق میں کئی لڑکیاں اور عورتیں اپنی زینت، لباس اور ادائیں غیر محرموں کے سامنے پیش کرتی ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف دینی اعتبار سے سخت ناجائز اور گناہ ہے بلکہ معاشرتی بگاڑ اور اخلاقی برائیوں کو بھی جنم دیتا ہے۔ وقتی شہرت اور لائکس کے لالچ میں عورت اپنی حیا، وقار اور عزت کو داؤ پر لگا دیتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عزت و حیا عورت کا سب سے قیمتی زیور ہے، جو اس کی شخصیت کو وقار بخشتا ہے، مگر ریلس کلچر کے چکر میں یہ زیور آہستہ آہستہ کمزور پڑتا جاتا ہے اور بعض اوقات مکمل طور پر چھن جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف فرد بلکہ پورا معاشرہ اخلاقی زوال کا شکار ہو جاتا ہے۔
4۔ مقابلے کی دوڑ اور حسد:ایک لڑکی دوسری لڑکی سے زیادہ خوبصورت اور دلکش ریلس بنانے کی کوشش کرتی ہے، تاکہ اسے زیادہ ویوز، لائکس اور تعریفیں مل سکیں۔ لیکن یہ مقابلہ رفتہ رفتہ حسد، کینہ، انا پرستی اور احساسِ کمتری کو جنم دیتا ہے۔ اکثر یہ دوڑ صرف اجنبی لڑکیوں تک محدود نہیں رہتی بلکہ گھر کے اندر بھی اپنے اثرات چھوڑتی ہے۔ نند اور بھابھی یا کزنز کے درمیان یہ دشمنی محض اس بات پر پیدا ہو جاتی ہے کہ کس کی ریلس زیادہ وائرل ہوئی اور کس کو زیادہ شہرت ملی۔ اس طرح معمولی سی دکھاوے کی دوڑ رشتوں کی محبت اور اعتماد کو کھا جاتی ہے اور خاندان کے سکون کو بے چین کر دیتی ہے۔
5۔ ماں اور بچوں پر اثرات:جو خواتین مائیں ہیں، وہ جب اپنی زیادہ تر توجہ ریلس بنانے اور سوشل میڈیا کی سرگرمیوں میں صرف کر دیتی ہیں تو ان کے بچے وقت، محبت اور تربیت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ بچپن وہ نازک دور ہے جس میں ماں کی توجہ اور رہنمائی سب سے زیادہ ضروری ہوتی ہے، لیکن جب یہ کمی واقع ہو جائے تو بچے احساسِ محرومی اور تنہائی کا شکار ہونے لگتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ان کی شخصیت متوازن انداز میں پروان نہیں چڑھتی، وہ ضدی، غصے والے یا اعتماد کی کمی کے مریض بن سکتے ہیں۔ آگے چل کر یہی بچے نفسیاتی مسائل، تعلیمی ناکامی اور معاشرتی رویوں میں بگاڑ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یوں ماؤں کی یہ غفلت نہ صرف خاندان بلکہ آنے والی نسل کے مستقبل پر بھی منفی اثرات ڈالتی ہے۔
یوں ریلس کا یہ شوق بظاہر وقتی خوشی دیتا ہے مگر اندر ہی اندر خاندانی نظام کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔ یہ محض ایک تفریح نہیں رہا بلکہ ایک سماجی بحران بنتا جا رہا ہے۔
جھوٹی نمائش کے سماجی اور نفسیاتی نقصانات: جھوٹی نمائش اور سوشل اسٹیٹس کے جنون نے ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی پر بے شمار منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ یہ محض ایک فیشن یا وقتی رجحان نہیں بلکہ ایک ایسی خاموش اور خطرناک بیماری ہے جو آہستہ آہستہ اخلاق، کردار، خاندان، معاشرہ اور انسانی رشتوں کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ دکھاوے کی اس دوڑ نے انسان کو سکون اور اطمینان سے محروم کر دیا ہے، حسد، لالچ اور مقابلے کی آگ کو بھڑکا دیا ہے اور خاندانی نظام کو بھی کمزور کر دیا ہے۔ اگر اس رجحان پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والی نسلیں نہ صرف اخلاقی زوال بلکہ شدید سماجی اور نفسیاتی بحران کا بھی شکار ہو جائیں گی۔
1۔ احساسِ کمتری کا فروغ:جب کوئی نوجوان یا خاتون دوسروں کی پرفیکٹ زندگی، مہنگے کپڑوں اور پُرتعیش لائف اسٹائل کو دیکھتی ہے تو وہ اپنی زندگی کو حقیر سمجھنے لگتی ہے۔ یہ احساسِ کمتری آہستہ آہستہ ڈپریشن اور اضطراب کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
2۔مقابلے کی دوڑ:سوشل میڈیا پر نمائش نے معاشرے کو ایک ایسی دوڑ میں ڈال دیا ہے جس کا کوئی اختتام نہیں۔ کوئی شخص نئی گاڑی دکھاتا ہے تو دوسرا اس سے بڑی گاڑی خریدنے کی کوشش کرتا ہے۔ کوئی شادی بیاہ پر لاکھوں روپے خرچ کرتا ہے تو دوسرا اس سے بڑھ کر کرنے کی فکر میں پڑ جاتا ہے۔ یہ سب دکھاوا گھروں میں جھگڑوں اور مالی بوجھ کا سبب بنتا ہے۔
3۔معاشی دباؤ اور قرض کا بوجھ:جھوٹی نمائش کے لیے لوگ اکثر اپنی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات کرتے ہیں۔ شادیاں، سالگرہ، برتھ ڈے پارٹیاں اور حتیٰ کہ عام ملاقاتیں بھی مقابلے کی دوڑ میں آ جاتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں قرضے اور مالی مشکلات جنم لیتی ہیں، جو بعد میں پوری زندگی کا سکون چھین لیتی ہیں۔
4۔ خاندانی انتشار:ریلس اور سوشل میڈیا کی نمائش نے کئی گھروں کو برباد کیا ہے۔ شوہر بیوی کے درمیان عدم اعتماد، بیوی کا سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنا، یا شوہر کا کسی اور کی نمائش دیکھ کر متاثر ہونا، یہ سب جھگڑوں اور علیحدگی کا سبب بنتے ہیں۔
5۔اخلاقی گراوٹ:جب ہر شخص اپنی زندگی کا خوشنما اور مصنوعی رخ دوسروں کے سامنے پیش کرتا ہے تو سچائی اور دیانت کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔ جھوٹ اور ریاکاری معاشرے کی بنیاد بن جاتے ہیں۔ یہ اخلاقی گراوٹ نسل در نسل منتقل ہو کر پورے سماج کو تباہ کر دیتی ہے۔
6۔ ذہنی و نفسیاتی بیماریوں میں اضافہ:ماہرینِ نفسیات کے مطابق سوشل میڈیا کی حد سے زیادہ نمائش ڈپریشن، بے چینی، نیند کی کمی اور تنہائی کے احساس کو بڑھاتی ہے۔ لوگ حقیقت اور ورچوئل دنیا میں فرق کرنا بھول جاتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ حقیقی خوشیاں ماند پڑ جاتی ہیں اور انسان صرف دکھاوے کے لیے جینے لگتا ہے۔
یوں جھوٹی نمائش اور ریلس کلچر نہ صرف انفرادی زندگی بلکہ پورے معاشرے کو ذہنی، اخلاقی اور معاشی بحران میں مبتلا کر رہا ہے۔
اسلامی تعلیمات اور جھوٹی نمائش کی مذمت: اسلام ایک فطری اور جامع دین ہے جو انسان کو سادگی، اخلاص اور حقیقت پسندی کی تعلیم دیتا ہے۔ دینِ اسلام میں دکھاوا (ریا) اور جھوٹی نمائش کو سختی سے منع کیا گیا ہے کیونکہ یہ عمل نہ صرف انسان کے اخلاق کو بگاڑتا ہے بلکہ نیت کو بھی فاسد کر دیتا ہے۔ ریاکاری انسان کے اعمال کو بے وقعت بنا دیتی ہے اور اس کی عبادات میں اخلاص ختم کر دیتی ہے۔ قرآن و حدیث میں بارہا اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اعمال کی قدر و قیمت نیت پر منحصر ہے، اور اگر نیت میں دکھاوا شامل ہو جائے تو وہ عمل اللہ کے نزدیک بے قیمت ہو جاتا ہے۔ اسی لیے اسلام انسان کو یہ تعلیم دیتا ہے کہ اپنی زندگی میں سادگی اور اخلاص کو اپنائے تاکہ دل کو سکون، معاشرے کو بھلائی اور اعمال کو اللہ کی رضا حاصل ہو سکے۔
1۔ ریا اور دکھاوے کی مذمت قرآن میں:اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا:”پس ہلاکت ہے اُن نمازیوں کے لیے جو اپنی نماز کو دکھاوے کے لیے پڑھتے ہیں۔”یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اگر عبادت جیسا عظیم عمل بھی دکھاوے کے لیے ہو تو وہ اللہ کے نزدیک بے وقعت ہے، تو پھر دنیاوی معاملات میں جھوٹی نمائش کتنی مذموم ہوگی!
2۔حدیثِ نبوی ﷺ:رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:”جس نے دکھاوے کے لیے کوئی عمل کیا، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو رسوا کرے گا۔”یعنی ریاکاری اور جھوٹی نمائش محض دنیا میں وقتی عزت کا دھوکہ دیتی ہے، حقیقت میں یہ آخرت کی رسوائی کا سبب ہے۔
3۔ سادگی کی تعلیم:اسلام نے ہمیں زندگی کے ہر معاملے میں سادگی اپنانے کی تلقین کی ہے۔ نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام کی زندگیاں سادگی کا بہترین نمونہ ہیں۔ ان کے گھروں، لباس اور کھانے میں بناوٹ یا نمائش کا شائبہ تک نہ تھا۔
4۔ اسراف اور فضول خرچی کی ممانعت:قرآن کریم میں ارشاد ہے:”یقیناً فضول خرچ لوگ شیطان کے بھائی ہیں۔”یعنی اپنی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات کرنا اور دکھاوے کی خاطر پیسہ ضائع کرنا، دراصل شیطان کی پیروی ہے۔
5۔ اخلاص کی اہمیت:اسلام کا بنیادی اصول یہی ہے کہ ہر عمل صرف اللہ کی رضا کے لیے ہونا چاہیے۔ جب نیت خالص ہو تو عمل بابرکت ہوتا ہےاور جب نیت میں نمائش یا شہرت آجائے تو برکت ختم ہو جاتی ہے۔
یوں اسلام کی تعلیمات یہ واضح کرتی ہیں کہ جھوٹی نمائش اور سوشل اسٹیٹس کا جنون نہ صرف دنیاوی نقصان کا سبب ہے بلکہ یہ اخروی عذاب اور رسوائی کا بھی باعث ہے۔
اصلاحی تجاویز
1۔ اخلاص اور حقیقت پسندی: ہر عمل میں نیت کو درست کیا جائے۔ مقصد شہرت یا نمائش نہیں بلکہ اپنی اصل ترقی اور اللہ کی رضا ہو۔
2۔سوشل میڈیا کا معتدل استعمال: دن رات ریلس، تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے بجائے وقت کو تعلیم، عبادت اور خاندان کے ساتھ گزارنے پر توجہ دی جائے۔
3۔سادگی اختیار کرنا: شادی، تقریبات اور روزمرہ زندگی میں غیر ضروری اسراف اور نمائش سے پرہیز کیا جائے۔
4۔اسلامی تعلیمات پر عمل: قرآن و حدیث میں دی گئی سادگی، اخلاص اور میانہ روی کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
5۔گھریلو تربیت: والدین خصوصاً اپنی بیٹیوں اور بیٹوں کو یہ سمجھائیں کہ زندگی کی اصل کامیابی نمائش میں نہیں بلکہ کردار، عزت اور اخلاق میں ہے۔
6۔وقت کا مثبت استعمال: نئی نسل کو یہ سمجھانا اور سکھانا نہایت ضروری ہے کہ لائکس اور فالوورز محض وقتی اور عارضی چیزیں ہیں، جو کچھ لمحوں کی خوشی تو دے سکتی ہیں لیکن زندگی میں کوئی حقیقی کامیابی یا پائیدار مقام فراہم نہیں کرتیں۔ اصل فائدہ اور حقیقی وقار علم حاصل کرنے، ہنر سیکھنے اور مثبت کارکردگی دکھانے میں ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ جھوٹی نمائش اور سوشل اسٹیٹس کا جنون دراصل ایک ایسا فریب ہے جو انسان کو وقتی خوشی اور مصنوعی سکون تو دے دیتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ اس کی زندگی کو اندر سے کھوکھلا اور بے سکون کر دیتا ہے۔ یہ دکھاوا انسان کے اخلاق کو کمزور کرتا ہے، رشتوں میں محبت اور اعتماد کو زائل کرتا ہے اور معاشرتی اقدار کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ سوشل میڈیا کی یہ مصنوعی دنیا ہمیں چند لمحوں کے لئے مطمئن کر سکتی ہے، لیکن طویل مدت میں یہ ذہنی دباؤ، احساسِ کمتری اور تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کا سبب بنتی ہے۔
اگر ہم اپنے رویّوں میں سچائی، سادگی اور اخلاص کو اپنائیں تو نہ صرف ہماری ذاتی اور گھریلو زندگی خوشحال اور پُرسکون ہو جائے گی بلکہ پورا معاشرہ بھی ایک پرامن، بامقصد اور صحتمند معاشرہ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ یہی وہ طرزِ زندگی ہے جس کی تعلیم اسلام اور تمام آسمانی مذاہب دیتے ہیں اور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں حقیقی کامیابی اور اطمینانِ قلب کی طرف لے جاتا ہے۔