بنگلورو:۔پی یو سی سال دوم کے امتحانات منسوخ کئے جانے کےبعد اب ایس ایس ایل سی کے امتحانات کو بھی منسوخ کرنے کیلئے کرناٹکا ہائی کورٹ میں عرضی دائرکی گئی ہے اور اس تعلق سے سنوائی ہونا باقی ہے۔امسال پی یو سی سال دوم کے طلباء کو بغیر امتحان کےپاس کیاگیاہے،ا س تعلق سے کرناٹکا ہائی کورٹ میں عرضی دائرکرنے والے ایس وی سنگرے گوڈا نے ایس ایس ایل سی امتحانات کوبھی منسوخ کروانے کیلئے کرناٹکا ہائی کورٹ میں عرضی دائرکی ہے۔عرضی گذار کا کہناہے کہ ایس ایس ایل سی کے امتحانات کیلئے5فروری کونوٹیفیکیشن جاری کیا گیاتھا،19تا22جولائی کوامتحانات منعقدکئے جانے تھے،اس کیلئے28/جون کو ٹائم ٹیبل جاری کیاگیاہے،لیکن کوویڈکی وجہ سے صحیح طریقے سے اسباق نہیں ہوئے ہیں،علاوہ اس کےانٹرنیٹ کی کمی،اسمارٹ فون کا نہ ہونا جیسے مسائل زیادہ ہیں،دیہی علاقوں میں آج بھی طلباء کیلئے یہ تمام چیزیں ناممکن باتیں ہیں۔ایسے وقت میں امتحان کروانا درست نہیں ہے ۔ پہلے ہی سی بی ایس ای نےدسویں اور بارہویں کے امتحانات منسوخ کئے گئے ہیں اور ریاست میں بھی پی یو سی سال دوم کے امتحانات منسوخ کئے ہوئے ہیں،اس وجہ سے ایس ایس ایل سی کے امتحانات کو منسوخ کرتے ہوئے طلباء کو راحت دی جائے۔
