بنگلورو:(انقلاب نیوز):۔آئی ایم اے گھوٹالے سے جڑے ہوئے رقومات کی وصولی کیلئےتشکیل شدہ ریکوری اتھاریٹی نے اب حکومت سے ہی رقم وصول کرنے کیلئے حکومت کو نوٹس جاری کی ہے،جس کے تحت ریکوری اتھاریٹی نے کرناٹکا حکومت کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایاکہ آئی ایم اے نے 12.82 کروڑ روپیوں کی لاگت سے شیواجی نگرکی وی کے عبیداللہ اسکول کی ترقی کیلئے خرچ کئے ہیں،یہ رقم عوام کے سرمایہ کی رقم ہے،اس لئے اس رقم کو محکمہ کے پی ایکٹ کے مطابق واپس لوٹائے۔اگر رقم واپس لوٹائی نہیں جاتی ہے تو اسکول کی املاک کو ضبط کیاجائیگا۔سال18-2017اور19-2018 میں وی کے عبیدا للہ اسکول کی ترقی کیلئے10 کروڑ کا سرمایہ لگایاگیاتھا،اس کے علاوہ سالانہ اخراجات کے طورپر2.82 کروڑ روپئے بھی خرچ کئے گئے تھے،جملہ12.82 کروڑ روپئےکو واپس لوٹانےکیلئے ریکوری اتھاریٹی نے حکومت کونوٹس جاری کی ہے۔لیکن کرناٹکا حکومت کاکہناہے کہ ریکوری اتھاریٹی کو محکمہ سے رقم وصول کرنے یاپھر محکمہ اس طرح کی رقومات کو واپس اداکرنے کی طاقت نہیں رکھتا کیونکہ اس طرح کی رقومات ڈونیشن کی شکل میں دی جاتی ہے نہ کہ یہ سرمایہ ہے۔وی کے عبیداللہ اسکول بھی اسی دائرہ میں آتی ہے۔دوسری طرف ریکوری ایجنسیوں کی جانب سے ریکوری کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات بھی ہیں۔اطلاعات کے مطابق جو مدارس اور دیگر فلاحی ادارے بڑے پیمانے پر آئی ایم اے سے ڈونیشن یا تعائون حاصل کرچکے ہیں اُن کی بھی ریکوری کیلئے جلد اقداما ت اٹھائے جاسکتے ہیں۔غورطلب بات یہ ہے کہ آئی ایم اے کی بہتی گنگاسے ریاست کے کئی مدارس،نام نہاد علماء اور فلاحی اداروں نے لاکھوں کروڑوں روپئے بطور ڈونیشن حاصل کیاتھا،اب سی بی آئی،ریکوری اتھاریٹی ان اداروں سے لی گئی رقومات کوقئے کروانے کی تیاری بھی کررہی ہے۔
