ویکسین کی فراہمی اور تقسیم میں اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے حکومت: چدمبرم

نیشنل نیوز
دہلی:۔سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے پیر کو الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اکورونا ویکسین کی فراہمی اور تقسیم کے انتظام میں اپنی ’بڑے پیمانے پر ناکامی‘ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ایک دن حکومت ویکسی نیشن مہم کو جشن اور بڑی کامیابی قرار دیتی ہے۔ دوسرے دن اسے ’دوسری جنگ‘ کہتی ہے ۔ یہ کیا ہے؟سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ یاد کیجیے جس دن وزیر اعظم نے پہلی بار لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ اس دن انہوں نے دعوی کیا کہ مہابھارت کی جنگ 18 دن میں جیتی گئی تھی اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ 21 دن میں جیتی جائے گی۔ اس جنگ کا کیا ہوا؟ چدمبرم نے الزام لگایاکہ صرف دعوے ، بیان بازی اور بڑی باتوں کے ذریعہ وائرس کے خلاف کامیابی نہیں ملے گی ۔ حکومت ویکسین کی فراہمی اور تقسیم کے انتظام میں اپنی بڑی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔