بنگلورو: محکمہ پولیس کو بدنام کرنے کیلئے خود پولیس اہلکار ہی ذمہ دار ہیں، آنے والے دنوں میں پولیس اہلکار ایسے کام نہ کریں جس سے محکمہ کی بدنامی ہو۔ یہ ہدایت ریاست کے وزیر داخلہ ارگا گیانیندرا نے دی ہے۔ انہوں نے یہاں مختلف معاملات میں ضبط شدہ زیوارت ودوسرے اشیاء کو انکے مالکان کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ اکثر پولیس اہلکار غنڈوں وجرائم پیشہ لوگوں کے ساتھ ملے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو جہاں رکھنا ہے وہیں رکھا جائے، انکے ساتھ زیادہ دوستی محکمہ کو بدنام کرنے کا باعث بنتی ہے۔ مجرم جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں، پولیس کوچاہئے کہ وہ ان سے آگے رہیں۔ کرناٹک پولیس کی جانب سے دوسری ریاستوں کے پولیس اہلکاروں کو جو سائبر کرائم کی تربیت دی جارہی ہے یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔
