تعلیم حاصل کرنا ہر مردوعورت کیلئے فرض ہے:محمد شعیب

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔ 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کا اہتمام کیا جاتا ہے اس کی وجہ بھارت کے صدر ہند سرواپلی رادھا کرشنن کی یوم پیدائش ہے لیکن استاد کی اہمیت وفضیلت اسلام نے بہت پہلے بتادیا ہے، اسلام نے ہر نماز میں اساتذہ کی مغفرت کیلئے دعا کرنے کا نظام بنایا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام میں استاد کا مرتبہ بہت بڑا ہے۔ اس بات کا اظہار صحافی مدثر احمد نے کیا ہے۔ انہوں نے یہاں کے راجیوگاندھی بڑاونے میں سنمارگا ایجوکیشن سنٹر میں خواتین طلباء کی جانب سے منعقدہ "یوم اساتذہ ” کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کو اسکے طلباء سے بہترین تحفہ یہی ہے کہ وہ پڑھ لکھ کر کامیاب بنیں، اوراسکی قدر کریں۔ جب تک اساتذہ کی قدر نہیں کی جاتی اس وقت تک انکی کامیابی ممکن نہیں۔ اس موقع پر ایم آئی ایم کے داونگیرہ ضلع کنوینر محمد شعیب نے بات کرتے کہا کہ تعلیم ایک ایسی چیز ہے جسے حاصل کرنا ہر مرد وعورت کیلئے فرض ہےاور یہ تعلیم استاد کے بغیر ممکن نہیں۔ کہاوت ہے کہ سامنے مقصد ہوناچاہئے اور پیچھے استادہوناچاہئے تبھی وہ کامیاب ہوسکتا ہے۔پروگرام کوآرڈینیٹرمحمدرفیع قادری نے کہا کہ اسلام میں ہردن مسلمانوں کیلئے یوم اساتذہ رکھا ہے کیونکہ ماں باپ کے بعداساتذہ کا ہی درجہ ہوتا ہے۔ جن اساتذہ سے ہم تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اسلئے اساتذہ کی عزت کرنے کی ضرورت ہے۔ جلسہ کی نظامت معلمہ فریدہ بانو نے انجام دی، دلشاد بانو نے یوم اساتذہ کے عنوان پر تقریر کی۔ خواتین طلباء میں میٹھائیاں تقسیم کی گئی۔