شہرمیں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ افسوسناک ہے : کے بی 

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔ شہر میں آئے دن بڑھ رہے جرائم کے واقعات سے لوگ خوفزدہ ہوتے جارہے ہیں اور عوام کو باہر نکلنا بھی محال ہوتاجارہاہے،لیکن ان جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس بھی ناکام نظرآرہی ہے۔ اس بات کااظہار سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمار نے کیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے ذریعہ اس بات کی وضاحت کی ہے کہ شیموگہ شہرجسے ملناڈ کا ثقافتی اور تہذیبی مرکز ماناجاتا ہے۔ ایسے شہر میں جرائم کی سرگرمیوں میں اضافے ہونا، قتل ، لوٹ وغارت گری، مظلوموں پر حملے، گانجے کا بےتحاشہ استعمال، راہ چلتے زیورات کی لوٹ، بند گھروں میں چوری کی وارداتیں جیسے کئی طرح کے جرائم ہیں جو حد سے تجاوز کرگئے ہیں۔ اتناہی نہیں گانجہ کااستعمال بڑھ رہا ہے۔ پولیس گانجہ کی پیداوار غیر قانونی فروخت کوروکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ راتوں رات گھروں کےدروازوں پر دستک دینا اور چوری کرنا عام بات ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جھڑپیں اور قتل کے کئی معاملے رپورٹ ہوئےہیں ۔شیموگہ پولیس ڈیپارٹمنٹ ان سب پر لگام کسنے میںمکمل طور پر ناکام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی نگران کاروزیر اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔کیا اُنہیں اس بات کا علم نہیں کہ شیموگہ میںمجرمانہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں؟۔وزیر داخلہ ارگاگیانیندر جو ضلع سے ہی ہیں ان سے بات کرتے ہوئے ، جتنی جلدی ہوسکے شیموگہ میں جرائم پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ لوگ خوشی سے اور بے خوف ہوکر زندگی گذار سکیں ایسا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ محکمہ پولیس میں خالی آسامیاں جلد ازجلدپُر کی جانی چاہئےتاکہ ضلع میں موجود پولیس اہلکاروں کی قلت کو دور کیا جاسکے۔