کورونا کی وجہ سے خودکشی کو بھی کورونا سے موت تسلیم کرینگے: مرکز نے سپریم کورٹ کو بتایا

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ مرکزی حکومت کورونا کی وجہ سے خودکشی کی موت کو بھی کورونا کی موت تسلیم کریگی ۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے۔ اگر کوئی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد 30 دن کے اندر خودکشی کر لیتا ہے ، تو اسے کورونا کی وجہ سے موت تسلیم کیا جائے گا۔ ایسی صورتحال میں ان کے اہل خانہ کو معاوضہ بھی دیا جائیگا۔ گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ کورونا ڈیتھ سرٹیفکیٹ سے خودکشی کو باہر رکھنے والی اپنی ہدایات پر نظر ثانی کرے۔ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے کچھ سوالات بھی اٹھائے تھے۔ دراصل کورونا سے موت ہونے پر لواحقین کو ملنے والے معاوضہ کی رقم کے لیے کووڈ ڈیتھ سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ آپ نے خاص طور پر کہا ہے کہ اگر کورونا سے متاثرہ شخص نے خودکشی کی ہے تو وہ ایسے سرٹیفکیٹ کا حقدار نہیں ہوگا۔ اس فیصلے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ مہتا نے کہا تھا کہ عدالت کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات پر غور کیا جائے گا۔ وکیل گورو کمار بنسل اور ریپک کنسل کی درخواستوں پر 30 جون کو منظور کردہ ایک حکم کے بعد مرکزی حکومت نے حال ہی میں ایک گائیڈ لائن جاری کی تھی۔ دراصل وزارت صحت اور خاندانی بہبود اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی مشترکہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خودکشی ، قتل یا حادثے کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان کو کورونا کی وجہ سے موت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ گرچہ وہ کورونا سے متاثر رہے ہوں۔