بھارت بند:ساتھ دینے کی بات کہنےوالے ہاتھ دے دئیے

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔ ملک بھر میں آج کسانوں کی جانب سے اعلان کئے گئے بھارت بند کی تائید میں شیموگہ کی مختلف تنظیموں اورشخصیات نے بھی بھارت بند کیلئے اپنی تائید کا اعلان کیا تھا۔ اسکے مطابق مختلف مرحلوں میں پریس میٹ کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیاتھا، سوشیل میڈیا میں اسٹیٹس میں "آئی سپورٹ فارمرس”ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، کسان تحریک زندہ باد جیسے نعرے ظاہر کئے گئے تھے، لیکن جب آج عملی طور پر ساتھ دینے کی بات آئی تو کئی تنظیموں اوراداروں کے سربراہان ہاتھ دے چکے تھے۔ آٹورکشا تنظیم، پرائیوٹ بس ڈرائیور مالکان کی یونین، کے علاوہ درجنوں تنظیموں نے بھی کسانوں کی حمایت میں بند کا اعلان کیا تھا، لیکن آج جب عملی طور پر بند میں شامل ہونے کی بات تھی تو ہر کوئی اپنے اپنے کاروبار کھلارکھاہواتھا یا پھر جاری رکھا ہواتھا۔ احتجاجی جلوس میں کئی لیڈران بھی شریک رہےمگر وہ ہری شال ، ہرا جھنڈہ ہاتھ میں تھام کر ایک سیلفی لیکر رفوچکر ہوگئے۔ کانگریس ، جےڈی ایس نے کھل کر بند کا اعلان کیا تھا، مگر انکے بھی چنندہ لیڈران ہی احتجاجی جلوس میں دکھائی دئے۔ البتہ سب کی تصویریں فیس بک اور واٹس ایپ پر نمایاں دکھائی دے رہی تھیں۔ بھارت بند کے تعلق سے رائتراسنگھا کے سربراہ ایچ آر بسوراجپا نے تو یہ کہہ دیا ہے کہ شیموگہ میں بھارت بند کی تحریک کامیاب رہی لیکن جو جس قدرجہدکاری کی اس سرزمین پر بند کی توقع کی جاتی رہی ہے، وہ توقع پوری نہیں ہوسکی۔