بزمِ امیدِ فردا کے زیرِ اہتمام کامیاب آن لائن ملاقاتی نشست کا انعقاد; شاعری کیلئے ’ذاتی تجربہ‘، ’مشاہدہ ‘ اور’مطالعہ‘ ہونا لازمی ہے: ثاقب جنیدی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔بزمِ امیدِ فردا کے زیرِ اہتمام ’’ایک ملاقات ثاقب جنیدی کے ساتھ‘‘ کا انعقاد عمل میں آیا۔ سید عرفان اللہ کی تلاوتِ آیاتِ ربانی سے نشست کا آغاز ہوا اور نعت سے پہلے حمدیہ قطعات ثاقب جنیدی نے پیش کیا۔ پروگرام آن لائن فیس پر راست نشر ہوا۔ناظرین میں استاد شعراء کی کثیر تعداد موجود رہے ۔استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سید عرفان اللہ نے جہاں گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کو یاد کیا وہیں کرناٹک کے استاد شاعر  منظور احمد تنہا تماپوری کی یومِ وفات کا ذکر کیا اور تمام محبانِ اردو کی جانب سے خراجِ عقدیت پیش کیا۔  دیگر ناظرین کے علاوہ آن لائن موجود استاد شعراء نے ثاقب جنیدی کے کلام اور بے بابک گفتگو کی خوب پذیرائی فرمائی۔ دورانِ گفتگو ثاقب نے اپنے ابتدائی دور کو یاد کیا اور اس وقت کے حالات اور ابتداء میں پیش آنے والے مشکلات کو بیان کرتے ہوئے اپنے دل کو کھول کر رکھ دیا۔ ثاقب نے فرمایا کہ ڈاکٹر سید قدیر ناظم سرگروہ، سابق چیرمین، کرناٹک اردو اکادمی نے انہیں اسٹیج پر مشاعرہ پڑھنے کا پہلا موقع کرناٹک اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام مشاعرہ سے ہی دیا۔ انہوں نے کڈچی اور بیلگام کے ادبی حالات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کڈچی کے واحد شاعر ہونے کی وجہ سے انہیں وہ ادبی ماحول دستیاب نہیں ہو سکا جو بنگلور ، گلبرگہ، بیدر یا رائچور کے نوجوانوں کو نصیب ہوتا ہے۔ کلام لکھنے کے تعلق سے بتایا کہ وہ کم از کم پچاس اشعار لکھتے ہیں اور ان میں دل جن سے مطمئن ہوتا ہے ان میں سے پانچ تا چھ اشعار منتخب کرنے کے بعد ایک کلام مکمل کرتے ہیں۔ ثاقب صاحب نے نئے لکھنے والوں کے لئے پیغام دیتے ہوئے فرمایا کہ ’’شاعری کے لئے تین چیزوں کا ہونا لازمی ہے ’ذاتی تجربہ‘، ’مشاہدہ ‘ اور’مطالعہ‘ کیوں کہ زندگی میں تجربہ ہو یا مشاہدہ دونوں جہاں کمزور پڑھ جاتے ہیں وہاں مطالعہ بہت کام آتا ہے ۔ اس لئے اپنے تجربہ اور مشاہدہ کے ساتھ ساتھ مطالعہ اور اگر استاد شعراء کے کلاموں کا مشاہدہ ہو تو یقینا آپ کامیاب شاعر ہو سکتے ہیں‘‘۔نشست کے اختتام تک ثاقب نے کئی کلام پیش کئے اور ناظرین سے خوب داد و تحسین پائی۔ اس ملاقاتی نشست کی نظامت صبا انجم عاشی نے فرمائی ۔ سید عرفان اللہ، سرپرست و بانی، بزمِ امیدِ فردا کے ہدیہ تشکر کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان ہوا۔