شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔نوجوانوں کو اپنے مستقبل کو سنوارنے کیلئے اچھی نوکریاں تلاش کرنے سے پہلےاپنے اخلا ق وکردار کو سنوارنے کی ضرورت ہے،جب تک نوجوان نسلیں اپنے کردارکو بہتر نہیں بناسکتے اُس وقت تک زندگی کا مقصد پورانہیں ہوگا۔اس بات کا اظہارمیڈل ایسٹ ٹریڈنگ کمپنی دبئی کے ایم ڈی ،ماہرتعلیم و موٹیویشنل اسپیکر انجینئر محمد ابراہیم نے کیاہے۔آج کاانقلاب،الحبیب ایجوکیشنل سوسائٹی کے اشتراک سے شہرمیں تین الگ الگ تربیتی پروگراموں میں نوجوانوں،طلباء اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے رول ماڈلس بہت سے ہیں،لیکن حقیقی رول ماڈل اگر ہم تلاش کرتے ہیں تو ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور ان کے ازواجہ مطہرات اور ان کی آل ہیں۔ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ ان کی سوانح حیات کو رول ماڈل بنائیں ۔ انہوں نے نوجوانوں کو ترغیب دیتے ہوئے کہاکہ ہمارے اندر جب تک اخلاق نہیں ہونگے اورجب تک ہم کردارکےاعلیٰ نمونہ کار نہیں بنتے اُس وقت تک ہماری زندگی کامیاب نہیں ہوسکتی۔نوجوانوں کو اکثر دیکھاگیاہے کہ وہ اپنی پروفیشنل زندگی کاآغاز ہی جھوٹ سے کرتے ہیں،نوکری کیلئے جو بائیو ڈاٹا تیارکیاجاتاہے اُس میں بےشمارجھوٹ درج کئے ہوتے ہیں،جب ہماری زندگی کا آغازہی جھوٹ سے جڑا ہواتو آگے چل کر ہم کیسے ایک صالح زندگی گذار سکتےہیں۔انہوں نے اُم المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی مثال رکھتے ہوئے کہاکہ حضرت خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہانہ صرف پاک دامن خاتون تھیں،بلکہ وہ ایک کامیاب بیوی، کامیاب تاجر،کامیاب ماں،کامیاب دوست اور حکمت بھری ہوئی خاتون تھیں،جنہوں نے آپﷺسے نکاح کرتے وقت عرب کے طاقتور و مالدار سرداروں کو نظرانداز کرتے ہوئے آپﷺکی امانت وصداقت کو دیکھ کر نکاح کیا اور انہیںہر مرحلے میں ساتھ دیا،آپﷺ کے دعوت وتبلیغ کیلئے بھی جو سرمایہ خرچ کیاگیا وہ بھی اُم المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی طرف سے ہی رہا۔ہمارے پاس مستقبل سنوارنے کیلئے ماڈلس کی کمی نہیں ہے،محض ہمیں سنجیدگی کے ساتھ ان اعلیٰ کردار لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔انجینئر محمد ابراہیم نے شہرکے الحبیب انگلش اسکول میں خواتین و طلباء سے خطاب کیا،دوسرے دن کے پروگرام میں نوجوانوں سے خطاب کیا،پھر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے لوگوں کی رہنمائی کی۔آج امپیریل سائنس اینڈ کامرس پی یو کالج میں طلباء وان کے والدین سے خطاب کیا۔اس موقع پر امپیریل ایجوکیشن فاونڈیشن کے چیرمین اقبال حبیب سیٹھ ،وائس چیرمین کے بی بشیر احمد،جنرل سکریٹری ادریس شریف،ٹرسٹی محمد لیاقت،آج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثراحمد،الحبیب انگلش اسکول کے افتخاراحمد خان موجودتھے۔
