ضمانت کی درخواست پر جلد سماعت ہونی چاہیے: سپریم کورٹ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ فرد کی آزادی "اہم” ہے اور ضمانت کی درخواست پر جلد از جلد سماعت ہونی چاہیے۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ قبل از گرفتاری اور گرفتاری کے بعد کی ضمانت کی درخواستوں کے لیے کوئی حد مقرر نہیں کی جا سکتی ، لیکن کم از کم یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اس طرح کی درخواستوں کو جلد سے جلد سنا جائے۔پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں اس سال مارچ میں حراست میں لیے گئے ایک ملزم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کا تصفیہ کرتے ہوئے یہ ریمارکس اجے رستوگی اور جسٹس اے ایس اوکا نے دیئے۔ اس درخواست میں عدالت عظمیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ اس کی ضمانت کی درخواست پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے ، جس کی جلد سماعت کی جائے۔ بنچ نے ہائی کورٹ سے درخواست کی کہ درخواست گزار کی ضمانت کی درخواست پر جلد از جلد غور کیا جائے۔بنچ نے کہا کہ سیشن کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے 7 جولائی کو ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار عدالت میں درج ہواہے لیکن اس کی سماعت نہیں ہو سکی۔ گذشتہ ہفتے اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم اس مرحلے میں اس معاملے میں مداخلت نہیں کر رہے ہیں ، لیکن فرد کی آزادی اہم ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ اگر سی آر پی سی کے سیکشن 438/439 کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے ، گرچہ گرفتاری کے پہلے یا گرفتاری کے بعد اسے جلد از جلد سنا جانا چاہیے۔کریمنل پینل کوڈ پروسیجر (پی آر پی سی ) کی دفعہ 438 کسی مشتبہ شخص کو ضمانت دینے کے لیے استعمال کی جاتی ہے جبکہ سی آر پی سی کا سیکشن 439 ہائی کورٹ یا سیشن کورٹ کے خصوصی اختیارات سے متعلق ہے جو ضمانت کے حوالے سے ہے۔درخواست گزار کو رواں سال 30 مارچ کو تعزیرات ہند کی دفعہ 304 (غیر ارادتاً قتل ) کے تحت درج کیس میں حراست میں لیا گیا تھا۔