سنگھو بارڈر پر قتل کے ملزم سربجیت کو 7 روزہ ریمانڈ پر بھیجا گیا

سلائیڈر نیشنل نیوز
سونی پت:۔ پولیس نے ہفتہ کو دہلی ہریانہ سرحد پر کسانوں کے احتجاجی مقام کے قریب سونی پت کے کنڈلی (سنگھو بارڈر) میں ایک شخص کے بہیمانہ قتل کے معاملے میں ملزم سربجیت کو ضلعی عدالت میں پیش کیا ۔ سربجیت نے خود کل قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی اور خودسپردگی کردی تھی ۔ پولیس نے سربجیت کا 14 روزہ ریمانڈ مانگا تھا اور دلیل دی تھی کہ قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیاربرآمد کرنا ہے۔ اس کے ساتھ اس واقعے میں ملوث دیگر افراد کی معلومات حاصل کرنی ہے۔ عدالت نے پولیس کو 7 روزہ ریمانڈ دیا ہے۔ پولیس نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مقتول لکھبیر کے جسم پر 37 زخم تھے۔واضح رہے کہ کسانوں کو احتجاجی مقام پرایک شخص کی لاش ملی تھی جس کو بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا ،یہ الزام لگایا گیا تھا کہ نہنگوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ الزام ہے کہ لکھبیر نے گرو گرنتھ صاحب کے ساتھ بے حرمتی کی تھی، جس کی وجہ سے ناراض نہنگوںنے اسے قتل کردیا ۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی، جس میں نہنگ سرداروں کو لکھبیر کو گھیرکرپوچھ گچھ اور مار پیٹ کرتے ہوئے دیکھا گیاتھا  ۔ بعد میں سربجیت نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے پولیس کے سامنے خودسپردگی کردی ۔ مقتول پنجاب کے شہر ترن تارن کا رہائشی تھا، پیشے وہ ایک مزدور تھا۔پولیس باقی ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔