دہلی:۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) آج پارٹی کی رکنیت سازی اور اعلیٰ تنظیمی انتخابات کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے میٹنگ کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی صدر کا انتخاب اگلے سال ستمبر تک ہو سکتا ہے۔ یعنی ستمبر 2022 تک سونیا گاندھی پارٹی کی عبوری صدر رہیں گی۔کانگریس نے اگلے سال ستمبر تک ایک تنظیمی تبدیلی کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ جس کا’جی 23 ‘کے لیڈر طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن فی الحال اترپردیش سمیت پانچ ریاستوں کے آئندہ اسمبلی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کووڈ وبائی امراض کے بعد کانگریس ورکنگ کمیٹی کی یہ پہلی گروپ میٹنگ ہے، جس میں تمام رہنماؤں نے آمنے سامنے بیٹھ کر بات کی ہے۔ سونیا گاندھی، لوک سبھا رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم اور بھوپیش بگھیل اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت چنی پر مشتمل 57 لوگوں نے شرکت کی۔ اس میں G-23 کے بھی ارکان بھی شامل تھے۔میٹنگ کے آغاز میں سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں جی 23 کے رہنماؤں کو مشورہ دیا جو ان پر تنقید کرتے رہے کہ کوئی بھی لیڈر ان سے میڈیا کے ذریعے بات نہ کرے۔ نیز سونیا گاندھی نے ایک کل وقتی کانگریس صدر کے طور پر اپنا موقف رکھا ۔ راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد 2019 سے سونیا گاندھی پارٹی کی عبوری صدر ہیں۔
