چکمگلورو: پولیس اگر کام نہیں کرنا چاہتی ہے تو استعفیٰ دیں اورگھرچلی جائے، یہ بات کوئی ایرا غیرہ نہیں بلکہ کرناٹک کے وزیر داخلہ ارگاگیانیندرا نے کہی ہے۔ کرناٹک کے چکمگلورو میں انہوں نے گائوکشی کے مدعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ہم نے کچھ کم نہیں کیا ہے باوجود اسکے وہ تھوک چاٹ کر ایک طرف کام کررہی ہے۔ ہم یہی تجویز کریںگے کہ نوکری چھوڑ کر گھر چلے جائیں۔ دراصل وزیر داخلہ نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ گفتگو کے دوران شیموگہ اورچکمگلورو میں ہورہی جانوروں کی تسکری کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں انسداد گائوکشی کا نیا قانون منظورہونے کے باوجود محکمہ پولیس ملزمان کے تحفظ میں لگی ہوئی ہے۔ ایک ہی دن میں ملزمان ضمانت لے کر لوٹ رہے ہیں۔ جبکہ انسدادگائوکشی قانون کے نئے ضوابط کے مطابق ملزمان کو ضمانت فوری طور پر نہیں مل سکتی، باوجود اسکے ایف آئی آرہونے کے دن ہی ضمانت مل رہی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پولیس کسطرح سے فرمابردار ہوچکی ہے۔
