آسام کی نازنین یاسمین کو ISRO میں ملی جوئنیر سائنسداں کی نوکری

سلائیڈر نمایاں نیشنل نیوز
بنگلورو:۔ آسام کے ایک چھوٹے شہر سے تعلق رکھنے والی نازنین یاسمین کو انڈین اسپیس ریسرچ سینٹرمیں جونیئر سائنسداں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔ یاسمین نازنین نے تیز پور یونیورسٹی سے ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ یاسمین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے گوہاٹی یونیورسٹی کے تحت آنے والے این آئی ٹی ایس مرزا کالج سے الیکٹرانکس میں بی ٹیک کیا اور پھر 2016 میں تیز پور یونیورسٹی سے فرسٹ کلاس سے ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ۔اسرو میں سلیکشن سے پرجوش نازنین یاسمین نے بتایا کہ وہ خلاباز کلپنا چاولہ کی کہانی سے متاثر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی میں یہ دیکھنا چاہتی تھی کہ راکٹ کیسے لانچ ہوتا ہے اور اس نے مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دی ۔ ایک چھوٹے سے شہر سے تعلق رکھنے والی نازنین یاسمین نے اسرو میں جانے کے لیے اپنے ایک سائنس داں دوست اور انٹرنیٹ سے مدد لی ۔نازنین کے مطابق ایم ٹیک مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ایک سائنسدان دوست سے مدد لی اور گوگل پر سرچ کیا کہ راکٹ سائنسدان کیسے بنا جاتا ہے۔ یاسمین نے 2019 میں اسرو میں سلیکشن کیلئے تحریری امتحان میں شرکت کی اور پھر انہیں 11 اگست 2021 کو شیلانگ کے نارتھ ایسٹ اسپیس ایپلی کیشن سینٹر میں انٹرویو کیلئے بلایا گیا ۔نازنین یاسمین کا کہنا تھا کہ مجھ سے پینل نے پوچھا کہ میں اسرو میں کیوں شامل ہونا چاہتی ہوں تو انہوں نے جواب دیا کہ میں راکٹ اڑانا چاہتی ہوں ۔ بتادیں کہ ایک اسکول ٹیچر ابوالکلام آزاد اور منجیلا بیگم کی بیٹی یاسمین نے اپنی اسکولی تعلیم ناگاوں کے جوریا کے کڈمون ٹاؤن ہائی اسکول سے حاصل کی ہے ۔نازنین یاسمین، جنہیں حکومت ہند کی جونیئر ریسرچ فیلوشپ سے بھی نوازا گیا تھا، 30 دسمبر سے پہلے آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں کے ہیڈ کوارٹر میں سائنسدان کے طور پر اپنی نئی ملازمت کو جوائن کریں گی ۔