دہلی :۔ انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے کہا ہے کہ تمام انتخابی ریاستوں میں کم از کم 80 فیصد لوگوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دلوانے پر الیکشن کمیشن کو زور دینا چاہیے۔ پرشانت کشور نے کہا ہے کہ یہ خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے درمیان ہونے والے انتخابات پر کوئی بھی کووڈ پروٹوکول کی پیروی نہیں کرتا ہے۔پرشانت کشور نے ٹویٹ کیاکہ الیکشن کمیشن کو پولنگ والی ریاستوں میں کم از کم 80 فیصد لوگوں کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں دلانے پر اصرار کرنا چاہیے،واضح رہے کہ اگلے دو ماہ میں پانچ ریاستوں (اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور) میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، لیکن ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ آج ملک میں کووڈ کے فعال مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعہ 7 جنوری 2022 کی صبح تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں 28.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اومیکرون کے پھیلاؤ کے درمیان گزشتہ24 گھنٹوں میں 1,17,100 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 302 کورونا مریض ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
