ماہرین کا دعویٰ:کورونا کی تیسری لہر 3ماہ تک رہے گی

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہلی:۔ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں پہلی بار نئے متاثرین کی تعداد 1.6لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے- اس کے ساتھ ہی ایکٹیو کیسوں کی تعداد 5لاکھ 84ہزار ہے- دریں اثنا، ماہرین صحت کا خیال ہے کہ ملک میں کووڈ کیس بہت جلد عروج پر پہنچ سکتے ہیں – تاہم ماہرین نے موجودہ لہر کے اتنی ہی تیزی سے کم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے-انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرن پانڈا نے ہفتہ کو اس بارے میں جانکاری دی- انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر3ماہ تک رہے گی یعنی جن علاقوں میں حال ہی میں کورونا کے ایکٹیو کیسوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں 3ماہ میں کمی آنا شروع ہو جائے گی-ڈائرکٹرسمیرن کے مطابق 3ہفتوں میں کورونا عروج پر ہوگا- ڈاکٹر پانڈا نے بتایا کہ اومیکرون کے 50 فیصد سے زیادہ کیس صرف بڑے شہروں میں پائے جاتے ہیں -کورونا کے نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ(این ٹی اے جی آئی)کے چیئرمین ڈاکٹر این کے اروڑا نے بھی کورونا کے عروج کے بارے میں ایسی ہی معلومات دی ہیں – انہوں نے کہا کہ اومیکرون کے عالمی اعداد و شمار اور گزشتہ 5ہفتوں کے ہمارے اپنے تجربے سے معلوم ہوا ہے کہ اومیکرون کے زیادہ تر انفیکشن ہلکے اور غیر علامتی ہوتے ہیں -اس کے ساتھ ہی اسپتال میں داخل مریض شدید بیمار ہیں یا ان کی عمر 60سال سے زیادہ ہے- اومیکرون کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہونے کی شرح صرف 1-2فیصد ہے – یہ تعداد ڈیلٹا لہر کے دوران اسپتال میں داخل ہونے کی شرح سے بہت کم ہے-ڈاکٹر اروڑہ نے کہا کہ ملک کی 80فیصدسے زیادہ آبادی قدرتی طور پر وائرس سے متاثر ہے- 91 فیصدسے زیادہ بالغوں نے ویکسین کی ایک خوراک لی ہے، اور 18سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 66فیصدکو دونوں خوراکیں دی گئی ہیں – ایسی صورت حال میں تیسری لہر کا اثر زیادہ دیر نہیں رہے گا-ڈاکٹر اروڑہ نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک میں 1.59لاکھ سے زیادہ نئے کیس اور تقریباً 5لاکھ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ لیکن جیسے جیسے اومیکرون کے کیس بڑھیں گے، کورونا کیسوں میں کمی آئیگی۔