ریاست میں پولیس اسٹیشنوں کا قیام آبادی کی بنیاد پرکیاجائیگا:ارگا گیانیندر

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلور:۔ ریاست میں نئے پولیس اسٹیشن کھولنے کے علاوہ پولیس اہلکاروں کی تقرری آبادی کی بنیاد پر کی جائیگی۔ وزیر داخلہ ارگا گیانیندر نے چامراج پیٹ میں پولیس اسٹیشن اور ٹریفک پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس اسٹیشنوں اور رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پولیس ہوم بھاگیہ-2020-21 اسکیم شروع کی ہے۔ اس کے لیے کل 200 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔ 2025 تک تمام پولیس اہلکاروں کو رہائش فراہم کر دی جائے گی۔ حکومت نے نئی بننے والی تحصیلوں اور ٹاؤن پنچایتوں میں 77 نئے پولیس اسٹیشن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بنگلورو میں، 7 لاکھ سے زیادہ خواتین نے تحفظ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا ہے۔ خواتین پولیس کو گشت پر لگانے سے خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے اس سال 100ہویسالہ (Hoysala )گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 50 گاڑیاں پنک ہویسالہ کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ خواتین کو پولیس ٹریننگ سکولوں اور ڈسٹرکٹ آرمڈ ریزرو فورس کے مراکز میں اپنے دفاع کی تربیت دی جا رہی ہے۔ دیگر اضلاع کے لیے نیشنل ایمرجنسی رسپانس سسٹم کے لیے 75 گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔