پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والے عبدالقادر آخرہیں کون؟

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نمایاں نیشنل نیوز

دھارواڑ:یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت نے پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست جاری کی ہے،یہ ایوارڈ بھارت کے ایوارڈس میں سب سے اہم ماناجاتاہے،اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے سخت محنت یا باشعور ہونا ضروری ہے۔اب تک بھارت میں3225 افراد اس ایوارڈ کو حاصل کرچکے ہیں۔انہیں لوگوں میں سے امسال دھارواڑ سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر نڑاکٹن کو بھی ایوارڈ دیاگیاہے۔عبدالقادر کاتعلق دھارواڑ ضلع کے انیگری کوپو نامی گائوں سے ہے۔انہوں نے زراعتی آلات کی تحقیق اور تیاری میں اہم کرداراداکیاہے،اسی کام کیلئے انہیں پدم شری ایوارڈ دیاگیاہے۔غریب گھر انے سے تعلق رکھنے والے عبدالقادرنے ایس ایس ایل سی تک ہی تعلیم حاصل کی ہے اور وہ کسان کے بیٹے ہیں۔19 سال کی عمرمیں جب انہوں نے کسانوں کو کھیتوں میں کام کرتے ہوئے مشکلات کا سامناکرتے ہوئے دیکھا تو آلات بنانے کی تحقیق شروع کی،دوسری ریاستوں سے بھی عبدالقادرکے بنائے ہوئے آلات کا مطالبہ زیادہ ہونے لگا اور ان کے بنائے ہوئے آلات ملک بھرمیں مقبول ہونے لگے۔انہیں مختلف محکموں اور اداروں سے بھی ایوارڈ مل چکاہے۔60 ایکر زراعتی زمین کے مالک عبدالقادر نے یہ سوچاتھاکہ ڈگری حاصل کرکے دوسروں کے ماتحت کام کرنے کے بجائے خودہی تحقیق کے شعبے میں کام کرتے ہوئے کیوں نہ اپنا پیشہ بنایاجائے۔اسی مقصد کو لیکر انہوں نے سال2004 سے اب تک7250 کھدائی میں استعمال ہونے والے آلات بنائے ہیں۔ان کا کہناہے کہ بھارت کے کسانوں کو748 کروڑ روپیوں کی بچت ہوئی ہے،اس کے بعد انہوں نے روٹو ویٹر،کھاد ڈالنے کاآلہ،بیج بونے کا آلہ،ادویات کے چھڑکائو کاآلہ،غیر ضروری گھاس نکالنے کاآلے کی تحقیق کرتے ہوئے اسے تیارکیاہے۔ہبلی کے اسکارپ کی دکانوں سے وہ پہلے سامان خریداکرتے تھے اس کے بعد اکی تیاری کیلئے کارخانہ عمل میں لایاہے جس میں 130 افراد کام کرتے ہیں۔