بنگلورو:ریلوے اسٹیشن پلاٹ فارم نمبر5 سے مسجد ہٹائی گئی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نمایاں

بنگلورو:۔آخر کار جس کی اُمید نہیں کی جارہی تھی وہ کام ہوچکا ہے ، اب بنگلورو ریلوے اسٹیشن پلاٹ فارم پر نماز اداکرنے کی خواہش رکھنے والوں کیلئے بُری خبر ہے۔بنگلورو ریلوے اسٹیشن پلاٹ فارم نمبر5 پر موجود مسجد کو ریلوے پولیس نے ہٹا دیاہے۔آج بنگلورو ریلوے اسٹیشن پر واقعہ مسجد جسے قریب چالیس سال پہلے مقامی ملازمین اور کولیوں نے عبادت کیلئےعمل میں لایاتھا،جسے پچھلے دنوں یہاں کی مقامی ہندو تنظیموں نے شدید مخالفت کرتے ہوئے ہٹانے کی گذارش کی تھی،اس پر محکمہ ریلوے نے یقین دلایاتھاکہ اس سلسلے میں وہ فوری طورپر کارروائی کرینگے۔اس یقین دہانی کے بعد آج دوپہر محکمہ ریلوے کے اہلکاروں نے پورٹر ریسٹ روم میں واقعہ عبادت گاہ کو ہٹادیاہے اور اُس پر تالالگایاہے۔غورطلب بات یہ ہے کہ معمولی تنظیموں کے ذریعے سےمطالبہ کئے جانے پر ریلوے نے چالیس سالہ مرکزکوہٹادیا ہے ۔دریںا ثناء یہ بات بھی واضح ہوکہ اسی ریلوے اسٹیشن پر مندر اور گرجاگھر بھی موجودہےمگر اسے ہٹانے کیلئے کبھی بھی ریاستی حکومت یا دوسری تنظیموں نے مطالبہ نہیں کیاتھا۔اس موقع پر مقامی دانشوروں کا یہ بھی کہناہے کہ یہ ریلوے اسٹیشن کئی سال پُراناہے،بنگلوروپر کئی دفعہ سابق ریلوے وزیر جعفر شریف،روشن بیگ،رحمان خان،رضوان ارشد کے علاوہ اور بھی کئی معزز ہستیوں نے حکومت کا حصہ بن کر راج کیاہے،لیکن اس طویل عرصےمیں مرکزی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں و عملے کی ضرورت کے مطابق عبادت گاہ کو قانونی شکل نہ دینا ہی آج شرپسندوں کو طاقت دینے کی وجہ بنی ہے۔