اُمتی فائونڈیشن کی جانب سے تعلیمی ادارے قائم کرنے کا عزم

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

تعلیم دان نظام الدین واچ میکر،شیخ اکبراور صحافی مدثراحمدنے پیش کی رائے

ہبلی:۔ضلع کے نولگند تعلقہ میں گذشتہ کئی مہینوں سے قومِ مسلم کی سماجی،تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کام کررہے ، اُمتی فائونڈیشن کی جانب سے تعلقہ میں بہترین تعلیمی اداروں کے قیام کے تعلق سے خصوصی اجلاس کا انعقادکیاگیاتھا،اس جلسے کی صدارت صحافی اور سماجی کارکن محمد ضمیر نے انجام دی۔اس موقع پر ٹیپوشہیدادارۂ جات کے سرپرست نظام الدین واچ میکر،شیخ اکبر اورروزنامہ آج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثراحمدنے شرکت کی۔شیخ اکبرنے اپنی بات پیش کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دورمیں تعلیمی اداروں کا قیام بے حد ضروری ہے،خصوصاً یہی علاقوں اور پسماندہ علاقوں میں مسلمانوں کو تعلیمی پسماندگی سے نکالنے کیلئے نوجوانوں کوآگے آناچاہیے،ایسے میں اُمتی فائونڈیشن کی جانب سے جو پیش رفت کی گئی ہے وہ قابل ستائش ہے۔نظام الدین واچ میکرنے اپنی رائے رکھتے ہوئے کہاکہ معیاری اعلیٰ تعلیمی اداروں کا قیام وقت کی ضرورت ہے،اس سے نہ قومِ مسلم کو تعلیم سے آراستہ کیاجاسکتاہے بلکہ نوجوانوں کو روزگاربھی مہیاکیاجاسکتاہے۔تعلیمی ادارے ایسے بنائے جائیں جو تربیت اور لیڈرشپ دینے کے مراکز بھی ہوں۔صحافی مدثراحمدنے بتایاکہ معیاری تعلیمی اداروں کاقیام وقت کی ضرورت ہے،آج ہروالدین یہی چاہتے ہیں کہ ان کے بچے بہترین تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں۔نولگند جیسے شہرمیں اُمتی فائونڈیشن کی یہ پہل قابل ستائش ہے۔ادارے کے سرپرست ضمیرنے اُمتی فائونڈیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اورکہاکہ ہمارادارہ شہرمیں سماجی وتعلیمی سرگرمیوں کو انجا م دے رہاہےا ور اس ادارے سے اُمت مسلمہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے مسلسل کوششیں ہورہی ہیں،ہبلی ضلع کے علاوہ ملک بھرسے تعلیم یافتہ افراداس ادارے سے جڑے ہوئے ہیں،آنےوالے دنوں میں ہم یہاں تعلیمی اداروں کے قیام کا آغاز کرینگے۔انجمن کے صدر عباس علی دیواریڑو،میونسپل کائونسل کے سابق صدر عثمان بابرچی،انجمن کے سکریٹری ریاض پیر زادے،اے ایم نداف،سبحان بیپاری وغیرہ موجودتھے۔اس موقع پر ادارے کی جانب سے مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔