شکاری پور:۔حکومت کرناٹک نے ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کے سماجی، رفاہی، تعلیمی اور باالخصوص غریب، بے سہارا اور یتیم بچے اور بچیوں کیلئےانجام دئیے جانے والے کاموں اور کارناموں کا اعتراف کرتے ہوئے بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع سے ریاستی ایوارڈ سے نوازے جانے پرگلشن زبیدہ کے سبھی اساتذہ، طلبا، اور طلبا ء کی انجمن ’’انجمن اطفال‘‘ اور انجمن سے تعلق رکھنے والے طلبا ء نے نہایت باوقار تقریب گلشن زبیدہ کے احاطے میں منعقد کی۔ انجمن اطفال کی طرف سے ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کی گل پوشی اور شال پوشی کی گئی۔ اس تقریب میں گلشن زبیدہ کے سبھی اساتذہ، طلبا، اور دوسرے عملہ کے علاوہ شہر کے معززین نے بھی شرکت کی۔ بطور خاص اس مجلس میں ایچ کے فاؤنڈیشن کے صدر فیاض احمد ، ایچ کے فاؤنڈیشن کے سکریٹری انیس الرّحمان ، ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی، انجینئر محمد شعیب ، مدرسہ کے مہتمم مولانا محمد اظہرالدّین ندوی ، کنڑا صحافتی تنظیم کے علاقائی صدر ہچرایپّا، سمیع اللہ اےجے، ماسٹر محمد عزیز ،ماسٹر محمد سہیل ، سید ابوطلحہ ، ڈاکٹر محمد جمیل اور شیخ مدثر نے شرکت کی۔حسب روایت جلسہ قرأت کلام پاک اور نعت شریف سے شروع ہوا۔ نظامت کرتے ہوئے مولانا اظہر ندوی نے کہا کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کا گلشن رنگا رنگ پھولوں سے سجا ہے۔ یہاں ڈاکٹر، انجینئر، ماسٹر، عالم، حافظ، قاری، ہندو، مسلم سبھی موجود ہیں۔ وہ ہمیشہ بچوں کی تعلیم کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ ہچرایپّا نے جلسے کی غرض و غایت پیش کی اور ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میں انہیں تین دہائیوں سے قریب سے دیکھ رہا ہوں۔ وہ بلا تفریق مذہب و ملت سبھوں کی خدمت کرتے ہیں۔ بطور خاص غریب، یتیم، اور بے سہارا طلبا کو اپنی اولاد کی طرح دیکھتے ہیں۔ اور انہیں تعلیم دلوانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی نے کہا کہ جو تعلیم جو مطالعہ، تقریر، اور ادب ہمارے اندر تبدیلی پیدا نہیں کرتی ہے۔ اس سے کسی کا بھلا نہیں ہوتا ہے۔ غور کیجئے کہ جس تعلیم نے ہماراہی کچھ نہیں بنایا اور بگاڑا وہی تعلیم اگر ہم دوسروں کو دینگے تو بھلا دوسروں کا کیا بنے گا۔ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے جو تعلیم حاصل کی اس تعلیم نے انہیں اندر سے بدل دیا۔ جو ادب انہوں نے لکھا اس نے ان کے اندر انقلاب پیدا کردیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ تن تنہا ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے نہ صرف یہ کہ اپنے آس پاس کا ماحول بدل دیا۔ بلکہ اپنے سماج اور معاشرے کو بدل کر رکھ دیا۔ جہالت کے اندھیرے کو دور کرکے علم کی روشنی سے منور کردیا۔ ہم سبھی لوگوں کو ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی سے سیکھنے اور ان کے بنائے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے اپنے اعزازی خطاب میں اپنی زندگی میں پیش آنیوالے کئی واقعات کا ذکر کیا۔ اپنی خدمت کے جذبے کے فطری رجحان سے آگاہ کیا اور یہ بھی کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ صندل کی لکڑی خوشبو دیتی ہے مگر اس میں بہت وقت لگتا ہے۔ اس لیے آپ جو بھی کام کریں نہایت صبر و سکون سے کریں۔ فوری طور پر کسی بھی کام کا عمدہ نتیجہ سامنے نہیں آتا ہے۔ میں پچھلے چار دہائیوں سے اپنی استطاعت کے مطابق سماجی اور تعلیمی کاموں میں لگا ہوا ہوںاب جاکر حکومت کو اور لوگوں کو میرا کام نظر آرہا ہے۔ اور وہ اپنی اپنی محبتوں سے نوازرہے ہیں۔ اگر میں مایوس ہوجاتا تو یہ سارے کام نہیں کرپاتا۔ یوں بھی میرے ذہن میں یہ بات کبھی نہیں آتی ہے کہ میرے کاموں کا کوئی بدل مجھے ملیگا۔ میں تو بس کام کرتا ہوں۔ اس کا بدل تو اللہ تبارک وتعالیٰ دیتا ہے۔مزید انہوں نےکہاکہ جو دل جمعی کے ساتھ کام کررہا ہوں تو اس میں آپ سبھی طالب علموں، اساتذہ، اور احباب کا معنوی تعاون شامل ہےاور یہ گلشن زبیدہ گنگا جمنی تہذیب کا سنگم ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ یہاں کے اساتذہ کی قابل لحاظ تعداد ہمارے غیر مسلم بھائی بہنوں پر مشتمل ہے۔ یہ اس ادارے کی مقبولیت کا فیض ہے کہ اس اردو میڈیم ادارے سے کئی غیر مسلم طالبات نے اردو میڈیم میں تعلیم حاصل کی۔ اور بی۔اے۔ اور ڈی ایڈ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ اس ادارہ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبانے آئی، ٹی، میڈیکل انجنیرینگ غرض یہ کہ سارے شعبوں میں اپنی کامیابی درج کرائی۔شکاری پور ایک مثالی شہر ہے۔ یہاں ایکتا اور آپسی محبت کی جو فضا ہے اس کی مثال بھی بہت کم دیکھنے کو ملے گی۔ میں نے صرف مدارس، مکاتب اور اسکول و کالج کیلئے ہی کام نہیں کیا ہے۔ منادر، اور مٹھوں میں بھی بورویل کے کام کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ادارے میں جو بھی پروگرام کرتے ہیں اس میں ہر مذہب کے دانشوروں اور معززین کو بلاتے ہیں۔ آج ہماری آپسی محبت کا یہ عالم ہے کہ وہ بھی میرے بغیر کوئی پروگرام نہیں کرتے ہیں۔ حکومت کرناٹک سے ملنے والے میرے اس ایوارڈ پر میرے بہت سارے ہندوبھائیوں نے مجھے مبارکباد دی۔ میرے گھر آکر میرا اعزاز کیا۔ انہوں نے اپنی محبت سے میری خوشی کو دوبالاکردیا۔ میں خدمت کے اپنے چنے ہوئے راستے پر اسی طرح چلتا رہوں گا۔ بس آپ کی محبتیں ہمارے ساتھ رہے۔ یہ پر وقار تقریب فیاض احمد صدر ایچ کے فاؤنڈیشن کے شکریہ کے ساتھ اختتام کو پہونچی۔
