گجرات کے اسکولی نصاب میں بھگواد گیتا شامل کرنے کا فیصلہ، کانگریس اور عاپ نے کیا استقبال

سلائیڈر نیشنل نیوز
احمدآباد:۔گجرات حکومت نے چھٹویں تا بارہویں جماعتوں کے نصاب میں ہندوؤں کی نہایت ہی مقدس مذہبی کتاب شریمد بھگواد گیتاکو نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یہ قابل فخر خیال ہے اور ہماری مذہبی و تہذیبی روایات سے تعلق کا احساس پیدا کرتا ہے۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ثقافت اور افکار و نظریات کو اسکول کے نصاب میں اس طرح شامل کیا جانا چاہئے جو طلبا کی مجموعی تعلیمی و فکری ترقی کے لیے سازگار ہو۔ گجرات کے وزیر تعلیم جیتو واگھانی نے کہا کہ شریمد بھگواد گیتا میں ذکر کردہ اقدار، اصول اور عقائد کو تمام مذاہب کے لوگ قبول کرتے ہیں۔ چھٹویں جماعت سے ہی شریمد بھگواد گیتا کو اس طرح متعارف کرایا جائے گا کہ طلبا اس میں دلچسپی لیں۔انہوں نے مزید کہا طالب علموں کو شریمد بھگواد گیتا کی اہمیت کے بارے میں بتایا جائے گا۔ بعد میں کہانیوں کو شلوکا، شلوکا گانوں، مضامین، مباحثوں، ڈراموں اور کوئزز وغیرہ کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے اسکول میں اس پر خصوصی پروگرام کرائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ شریمد بھگواد گیتا کو کلاس 6-12 سے نصابی کتابوں میں کہانیوں اور تلاوت کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا۔ کلاس نویں تا بارویں کے طلبا کو شریمد بھگواد گیتا کا تفصیلی تعارف پیش کیا جائے گا۔ سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ شریمد بھگواد گیتا پر اشلوکوں کی تلاوت، مضمون، پینٹنگز، مضمون، کوئز مقابلہ وغیرہ ہونا چاہیے۔ نصاب کو آڈیو ویژول کے ساتھ پرنٹ کیا جانا چاہیے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) دونوں نے اسکول کے نصاب میں شریمد بھگواد گیتا کو شامل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گجرات کانگریس کے ترجمان ہیمانگ راول نے کہا کہ ہم نصاب میں شریمد بھگواد گیتا کو شامل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، لیکن گجرات حکومت کو بھی شریمد بھگواد گیتا سے ہی سیکھنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھگواد گیتا میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے پہلے آپ کو اس صورت حال کو قبول کرنا ہوگا۔گجرات عاپ کے ترجمان یوگیش جاڈوانی نے ریاستی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت گجرات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اس سے طلبا کو فائدہ ہوگا۔