بنگلورو:۔کرناٹک حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکول اور کالج کے حجاب پہننے والے اساتذہ کو ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کی امتحانی ڈیوٹی پر نہیں لگایا جائے گا۔اگر کوئی ٹیچر حجاب کے بغیر ڈیوٹی کرے گی تو ہی اُنہیں ڈیوٹی پر رکھا جائے گا ورنہ انہیں نظر انداز کیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کے وزیر بی سی ناگیش نے دی۔حالانکہ ہائی کورٹ نے واضح کیا تھا کہ جن کالجوں کے یونیفارم میں حجاب شامل نہیں ہے، ہائی کورٹ کا فیصلہ اُن ہی کالجوں کے لئے لاگو ہوتا ہے جبکہ پرائیویٹ کالجوں میں جہاں کے یونیفارم میں پہلے سے حجاب شامل ہے، وہاں وہ حجاب کے ساتھ اسکول اور کالج کے کلاسس اٹینڈ کرسکتی ہیں، باوجود اس کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے بتایا کہ طلباء کے لیے امتحانی ہال کے اندر حجاب کی اجازت نہیں ہے، مزید کہا کہ ہم ان اساتذہ کو مجبور نہیں کر رہے ہیں جو حجاب پہننے پر اصرار کرتی ہیں کہ وہ امتحان کی ڈیوٹی دیں۔ ایسے اساتذہ کو ہم صرف امتحانی ڈیوٹی سے فارغ کریں گے۔ 10ویں کے امتحانات جو جاری ہیں اور اپریل کے وسط میں ختم ہوں گے اسی طرح اسی ہفتہ کے آخر میں پی یو سی امتحان شروع ہونے والے ہیں اور سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے اساتذہ ان امتحانات کے لیے نگراں کی ڈیوٹی کرنے کے پابند ہیں۔میسور میں ماڈیولیشن کے کام کی جانچ کرنے کے لیے ایس ایس ایل سی کے لیے تیار کردہ ایک باحجاب ٹیچر کو گزشتہ ہفتے ڈیوٹی سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
